ایندھن کی قیمت مزید اضافہ کیساتھ نئی بلندی پر ممبئی میں پٹرول 89.87 فی لیٹر ، تلنگانہ میں ڈیزل سب سے مہنگا

نئی دہلی ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) روپئے کی قدر میں کمی سے درآمدات گراں ہوجانے کے سبب پٹرول اور ڈیزل کی قیم تیں روز ایک نئی بلندی پر پہونچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریٹیل مارکٹ میں ایندھن سربراہ کرنے والے اداروں کی طرف آج جاری کردہ قیمتوں کے اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 23 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 22 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی کوئی دارالحکومت دہلی میں پٹرول کی قیمت اب تک کی بلند ترین سطح 80.73 روپئے فی لیٹر پر پہونچ گئی ہے جبکہ ڈیزل بھی 72.83 روپئے فی لیٹر کی اعلیٰ ترین قیمت پرپہونچ گیا ۔ ٹیکس کی اقل ترین شرحوں کے سبب ملک کے اکثر ریاستی صدر مقامات اور تمام میٹرو شہروں کے مقابلہ دہلی میں ایندھن کی قیمت سب سے کم ہے لیکن ایندھن کی قیمتیں آج اس وقت ایک نئی بلندی پر پہونچ گئیں جبکہ اصل اپوزیشن جماعت کانگریس اپنی حلیف جماعتوں کے ساتھ بطور احتجاج بھارت بند منارہی ہے۔