ایم ہنمنت راؤ کی کانگریس میں شمولیت

تلگو دیشم سے استعفیٰ کے بعد ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات

حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم اور بی جے پی اتحاد کے خلاف بطور احتجاج تلگو دیشم سے مستعفی ہونے والے رکن اسمبلی مسٹر ایم ہنمنت راؤ نے آج دہلی پہونچ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔ واضح رہے کہ مسٹر ایم ہنمنت راؤ اس مرتبہ ملکاجگری سے مقابلہ کرنے کے خواہش مند تھے اور اس حلقے میں کام بھی شروع کرچکے تھے تاہم تلگو دیشم اور بی جے پی کے مابین اتحاد ہونے اور حلقہ ملکاجگری بی جے پی کو چھوڑ دینے پر بطور احتجاج مسٹر ایم ہنمنت راؤ تلگو دیشم سے مستعفی ہوگئے اور کانگریس قائدین سے رابطے میں رہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے ایم ہنمنت راؤ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انہیں دہلی طلب کیا ۔ دہلی پہونچنے والے ہنمنت راؤ نے وارروم میں کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ایم ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں اور کانگریس پارٹی کو علاقہ تلنگانہ میں اقتدار پر لانے میں اہم رول ادا کریں گے ۔ تلگو دیشم پارٹی نے فرقہ پرست بی جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے عوام بالخصوص اقلیتوں کو مایوس کیا ہے ۔ جس کی اسے قیمت چکانی پڑے گی ۔ کانگریس سے مقابلہ کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ پارٹی کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ اس پر عمل کریں گے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس پارٹی نے ملکاجگری سے ہنمنت راؤ کو ٹکٹ دینے کا تیقن دیا ہے جس کے بعد ہی وہ کانگریس میں شامل ہوئے ہیں ۔۔