لندن۔7جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں ایم کیو ایم سربراہ الطاف حسین کو آج ضمانت پر رہا کردیا گیا ۔ یاد رہے کہ چار روز قبل برطانوی پولیس نے انہیں منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث پائے جانے پر گرفتار کرلیا تھا ۔ 60سالہ جلاوطن متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) قائد کو ان کی شمالی لندن میں واقع رہائش گاہ سے 3جون کو گرفتار کیا گیا تھا اور پوچھ گچھ کیلئے وسطیٰ لندن کے ایک پولیس اسٹیشن لے جایا گیاتھا ۔
پولیس ذرائع نے بھی الطاف حسین کی رہائی کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ ان سے پوچھ گچھ کا سلسلہ ماہ جولائی میں جاری رہے گا جبکہ بی بی سی کی اطلاع کے مطابق الطاف حسین سے کل شام سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی ۔ منگل کے روز گرفتاری کے بعد طبی معائنہ کیلئے انہیں ایک ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں تین روز گزرنے کے بعد الطاف حسین اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تحویل میں واپس آگئے تھے ۔ بہرحال ضمانت پر رہائی سے الطاف حسین کو صرف عبوری راحت ملی ہے ‘ جولائی میں ان سے پوچھ گچھ کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کیا جائے گا ۔