ایم ڈی حیدرآباد میٹرو ریل کی معیاد میں ایک سال کی توسیع

حیدرآباد ۔ 2؍ جولائی ( سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ (ایچ ایم آر) کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی کی معیاد میں مزید ایک سال توسیع کا حکومت نے فیصلہ کیا ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کی جانب سے گذشتہ شب دیر گئے باقاعدہ ایک سالہ معیاد کی توسیع کے احکام جاری کردئے گئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حیدرآباد میں حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے کاموں کاآغاز ہوتے ہی مسٹر این وی ایس ریڈی بحیثیت ایم ڈی ایچ ایم آر کے عہدہ پر فائز ہیں ۔ انہوں نے 20 جنوری 2001 کو بحیثیت منیجنگ ڈائرکٹر جائزہ حاصل کیا تھا۔ اور گذشتہ سال 30 جون کو ہی مسٹر این وی ایس ریڈی کی معیاد مکمل ہوچکی تھی ۔ لیکن تیز رفتاری کے ساتھ جاری حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ لمیٹیڈ کے کاموں کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے ایک سال کی توسیع دی تھی ۔اور اب بھی ان کاموں کے قطعی مراحل میں پائے جانے کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک بار مزید ایک سال تک کے لئے معیاد میں حکومت کی جانب سے توسیع دی گئی ۔