نئی دہلی ۔ 2 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک عورت جس نے بتایا جاتا ہے کہ ایک بی جے پی ایم پی کو دام اُلفت میں پھانس کر بلیک میل کیا اور اُس کی عصمت ریزی کئے جانے کا الزام بھی عائد کیا ، اُسے آج غازی آباد میں اُس کے مکان سے گرفتار کرلیا گیا ۔ دہلی پولیس کے عہدیداروں نے کہا کہ گجرات میں ونساڑ کے ایم پی اے سی پٹیل نے گزشتہ ہفتہ پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اُنھیں اس عورت نے نشہ میں لاکر اُن کے قابل اعتراض ویڈیوز اور تصاویر بنالئے تھے ۔ اس عورت نے ایک سٹی کورٹ سے رجوع ہوکر دعویٰ کیا تھا کہ پولیس نے ایم پی کے خلاف ریپ سے متعلق اُس کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی ۔ پولیس ذرائع نے کہاکہ اس عورت سے پوچھ تاچھ ہورہی ہے ، اُس نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس کے پاس وہ سی ڈی ہے جو ایم پی کی جانب سے اُس کے جنسی استحصال اور اُسے سنگین نتائج کی دھمکی دیئے جانے کا ثبوت ہے ۔ ایم پی کا دعویٰ ہے کہ اُس عورت نے دھمکی دی تھی کہ اگر اُسے پانچ کروڑ روپئے ادا نہ کئے جائیں تو وہ واُس کے خلاف عصمت ریزی کا کیس دائر کرے گی ۔