ایم پی بننے کے بعد کارپوریٹر کے عہدہ سے استعفیٰ

حیدرآباد 25 مئی (سیاست نیوز) کریم نگر لوک سبھا حلقہ سے چیف منسٹر کے قریبی رشتہ دار کو 87 ہزار سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے شکست دینے کے بعد بنڈی سنجے نے کارپوریٹر کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اِس طرح ایک رکن پارلیمنٹ نے کارپوریٹر کی نشست چھوڑ دی۔ ریاست کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی کارپوریٹر نے اِس قدر بھاری اکثریت سے پارلیمنٹ کے لئے کامیابی حاصل کی۔ کریم نگر ضلع میں بی جے پی کے پاس قائدین کی کمی ہے اور ہر اسمبلی الیکشن میں بنڈی سنجے کو امیدوار بنایا جاتا رہا۔ پہلی مرتبہ اُنھیں لوک سبھا کا ٹکٹ دیا گیا اور ٹی آر ایس کے داخلی انتشار کے نتیجہ میں اُنھیں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں اُنھیں ٹی آر ایس کے مقابلے بہتر ووٹ حاصل ہوئے تھے اور بی جے پی کیڈر کا کہنا ہے کہ عوامی ہمدردی اور مودی لہر نے سنجے کو کامیابی دلائی ہے۔ بعض گوشوں کا کہنا ہے کہ مقامی ٹی آر ایس رکن اسمبلی اور دیگر قائدین نے ٹی آر ایس امیدوار ونود کمار کی انتخابی مہم میں دلچسپی نہیں لی جس کے سبب بی جے پی کے لئے راستہ ہموار ہوگیا۔