ایم پی ‘ ایم ایل ایز حملہ آور ٹولیوں کی قیادت کر رہے تھے

پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔ مخالفین پر نظر رکھنے میں مصروف
حیدرآباد 2 فبروری ( سیاست نیوز ) جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے رائے دہی کے دوران پرانے شہر میں غنڈہ گردی عروج پر دیکھی گئی ۔ ایسا لگ رہا تھا کہ پولیس کے مخصوص عہدیدار مقامی جماعت کے منصوبوں کی مدد میں سرگرم عمل رہے ۔ پرانے شہر کے بیشتر بلدی ڈویژنوں میں مختلف جماعتوں کے امیدوار اپنے حامیوں کے بغیر پولنگ بوتھس کے دورے کر رہے تھے اور پولنگ کا جائزہ لے رہے تھے وہیں مجلس کے رکن پارلیمنٹ اسد اویسی ‘ ارکان اسمبلی اکبر اویسی ‘ احمد بلعلہ ‘ ممتاز احمد خاں اور دوسرے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ گھومتے ہوئے رائے دہندوں میں خوف کا ماحول پیدا کر رہے تھے ۔ خود رکن پارلیمنٹ تقریبا 200 حامیوں کے ساتھ گھومتے ہوئے اپنے مخالفین کو نشانہ بنا رہے تھے ۔ اکبر اویسی ‘ احمد بلعلہ ‘ ممتاز خاں اور دوسرے 100,100 حامیوں کے ساتھ گھوم رہے تھے اور مخالفین کو دھمکا رہے تھے ۔ اس ساری سرگرمی میں پولیس خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہی ۔ جہاں پولیس کے بعض اعلی عہدیدار قانون کے مطابق رائے دہی کو یقینی بنانے کی ہدایت دے رہے تھے وہیں کچھ عہدیدار مجلس کے ورکرس کی طرح کام کر رہے تھے اور اپنے ما تحت عملہ کو بھی اس کیلئے استعمال کر رہے تھے ۔ دوسرے امیدواروں کے تنہا گھومنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مجلسی ارکان اسمبلی اور قائدین نے انہیں حملوں کا نشانہ بنایا اور کئی مقامات پر زد و کوب کیا ۔