آندھرا میں انسپکٹر پولیس کا انتباہ ۔ میں زبان کٹانے کہاں آوں ‘ رکن پارلیمنٹ دیواکر ریڈی
امراوتی ( اے پی ) 22 ستمبر ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں ایک پولیس انسپکٹر نے پولیس فورس کے حوصلے پست کرنے والی زبان استعمال کرنے پر عوامی منتخب نمائندوں کی زبان کاٹ دینے کا انتباہ دیتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا ہے ۔ انسپکٹر نے برسر اقتدار تلگودیشم کے ایک رکن پارلیمنٹ کو نشانہ بناتے ہوئے یہ ریمارک کیا ۔ رکن پارلیمنٹ نے جواب میں ایسا کرنے کا انسپکٹر کو چیلنج کیا اور شکایت درج کروائی ۔ کدری میںانسپکٹر پولیس مادھو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے اب تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اب سے اگر کوئی پولیس فورس کے خلاف ایک حد سے زیادہ اظہار خیال کریگا تو ہم برداشت نہیں کریں گے ۔ ہم ان کی زبانیں کاٹ دیں گے ۔ انہیں محتارط رہنا چاہئے ۔ اپنے شدید رد عمل میں رکن پارلیمنٹ جے سی دیواکر ریڈی نے انسپکٹر کو چیلنج کیا کہ وہ بتائیں کہ وہ اپنی زبان کٹوانے کہاںآئیں۔ انہوں نے بعد میں انسپکٹر کے خلاف شکایت درج کروائی تاہم کوئی ایف آئی آر اب تک درج نہیں کیا گیا ۔ تاڈی پٹری کے سب ڈیویژنل پولیس آفیسر وجئے کمار نے یہ بات بتائی ۔ سخت الفاظ کا یہ تبادلہ ایک جھگڑے کے بعد ہوا ہے جو جاریہ ہفتے ہی تاڈی پٹری کے ایک گاوں میں ہوا تھا ۔ جے سی دیواکر ریڈی نے ریمارک کیا کہ پولیس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام رہی اور وہ ہجڑوں کی طرح وہاںسے فرار ہوگئی ۔ پولیس کے اعلی عہدیدار اس لفظی تکرار پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جبکہ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ حکومت کی توجہ مبذول کروائیں گے تاکہ انسپکٹر کے خلاف کارروائی ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس جھڑپ میں انہیں خود بھی وہاں سے فرار ہونا پڑا تھا کیونکہ پولیس بھی وہاں سے فرار ہو رہی تھی ۔ آج شام میں وہ تاڈی پٹری میں ایک پولیس اسٹیشن گئے اور انہوں نے انسپکٹر کے خلاف شکایت درج کروائی ۔