ایم نرسمہلو کا بطور آزاد امیدوار مقابلہ کرنیکا اعلان

حلقہ اسمبلی آلیر کا انتخاب۔ تلگودیشم سے خارج لیڈر کی آبی مسائل پر توجہ
حیدرآباد۔/26 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی سے خارج کردہ سینئر قائد و سابق وزیر مسٹر ایم نرسمہلو نے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے مجوزہ قبل از وقت اسمبلی انتخابات میں ضلع محبوب نگر ( یادادری ) کے حلقہ اسمبلی آلیر سے بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کریں گے۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ایم نرسمہلو نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی آلیر کے رائے دہندوں ( عوام ) کی خواہش پر ہی وہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔جبکہ حلقہ اسمبلی آلیر سے سابق میں مسٹر ایم نرسمہلو متعدد مرتبہ نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی آلیر کو دریائے گوداوری سے آبی وسائل کی فراہمی ان کا اہم مقصد ہے۔ مسٹر ایم نرسمہلو نے کہاکہ دریائے گوداوری کے آبی وسائل کی آلیر کو فراہمی کی اس خواہش و دیرینہ خواب کی تکمیل کے ذریعہ آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے انتخآبات میں حصہ لینا ہی ان کی زندگی کا آخری انتخابی مقابلہ ہوگا۔ انتخابی مہم کے آغاز کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل یعنی27 ستمبر کو یادگیر گٹہ سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرنے کیلئے یادگیر گٹہ میں ’’ موتکوپلی شنکھاراوم ‘‘ کے نام سے ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ اس طرح اس جلسہ عام کے ذریعہ ان کی حلقہ اسمبلی آلیر سے انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔ مسٹر ایم نرسمہلو جو کہ تلگودیشم کے ایک سینئر قائد و سابق وزیر کی حیثیت سے مقبولیت رکھتے تھے گذشتہ دنوںمسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے خلاف بعض متنازعہ ریمارکس کرتے ہوئے بیانات دینے کی وجہ سے تلگودیشم کی تادیبی کارروائی کمیٹی نے انہیں پارٹی سے خارج کردینے کا اعلان کیا تھا۔