ایم مالکونڈیا آندھراپردیش کے نئے ڈی جی پی متوقع

سامبا شیوا راؤ کی /31 ڈسمبر کو وظیفہ پر سبکدوشی ،آج یا کل احکام تقرر کی اجرائی
حیدرآباد ۔ /27 ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش ریاست کے موجودہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر این سامباشیوا راؤ /31 ڈسمبر کو وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوجائیں گے اور ان کی جگہ پر موجودہ اے پی ایس سبکدوش ہوجائیں گے اور ان کی جگہ پر موجودہ اے پی ایس آر ٹی سی منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر ایم مالکونڈیا توقع ہے کہ نئے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ہوں گے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مسٹر این سامبا شیوا راؤ کی سبکدوشی پر مسٹر ایم مالکونڈیا کو ریاست کے نئے ڈی جی پی عہدے پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ ایک دو دن میں حکومت کی جانب سے باقاعدہ احکامات کی اجرائی متوقع ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سال 1985 ء آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے مسٹر ایم مالکونڈیا کا آبائی مقام ضلع پرکاشم (اونگول) ہے ۔ انہوں نے اگریکلچرل ولا کی ڈگریاں حاصل کیں اور وشاکھاپٹنم میں واقع آندھرا یونیورسٹی سے کریمینلالوجی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ۔ علاوہ ازیں انہوں نے بزنس مینجمنٹ میں پوسٹ گرایجویٹ ڈپلوما کی تکمیل کی ۔ جبکہ ابتدائی تعلیم اپنے آبائی مقام پرکاشم میں حاصل کرکے کالج کی تعلیم گنٹور میں حاصل کیں ۔ سیول سرویسیس میں آئی پی ایس کیلئے منتخب ہونے سے قبل مسٹر مالکونڈیا نے بینک ملازمت خدمات انجام دیں ۔ بعد ازاں اضلاع مشرقی و مغربی گوداوری ، ورنگل ، عادل آباد ، میدک ، گنٹور اور وشاکھاپٹنم میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے عہدوں پر فائز رہتے ہوئے اپنی شاندار خدمات انجام دیں ۔ بعد ازاں انہوں نے ایلورو اور گنٹور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدے پر فائز کئے گئے ۔ علاوہ ازیں ٹرانسکو سی ایم ڈی کے ساتھ ساتھ سی آئی ایس ایف میں خدمات انجام دیں ۔ صدرنشین آندھراپردیش پولیس رکروٹمنٹ بورڈ ، ڈائرکٹر آندھراپردیش پولیس اکیڈیمی کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو کے عہدوں پر فائز رہتے ہوئے اپنی شاندار خدمات انجام ی تھیں اور اب فی الوقت بحیثیت منیجنگ ڈائرکٹر اے پی ایس آر ٹی سی کے عہدے پر گزشتہ زائد از ایک سال سے فائز ہیں ۔ انہیں بہتر اڈمنسٹریٹر و راست باز ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ علاوہ ازیں آندھراپردیش پولیس اکیڈیمی میں گزیٹیڈ پولیس عہدیداروں کیلئے نئے ٹریننگ پروگرام منظم کرنے پر مرکزی وزیر داخلہ کی جانب سے تہنیت پیش کرکے میڈل سے مسٹر مالکونڈیا کو نوازا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ماہ جون 2018 ء میں مسٹر ایم مالکونڈیا وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوں گے ۔