حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : مسٹر ایم سریش ترپاٹھی نے آج ساوتھ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کی حیثیت سے اپنی خدمات کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ سال 2006 آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے مسٹر ایس ترپاٹھی جو قبل ازیں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریلوے پولیس سکندرآباد کی خدمات پر مامور تھے ۔ حالیہ تبادلوں کے دوران ریاستی حکومت نے انہیں ساوتھ زون کے ڈی سی پی عہدہ پر فائز کردیا ۔ مسٹر ایس ترپاٹھی اے ایس پی منچریال ، اے ایس پی ورنگل ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع عادل آباد کے عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ یاد رہے کہ تقریبا تین ماہ سے ساوتھ زون ڈی سی پی کا عہدہ تعطل کا شکار تھا ۔ مسٹر ترون جوشی کے ضلع نظام آباد تبادلہ کے بعد ڈی سی پی ساوتھ زون کا عہدہ تنازعہ کا شکار ہوگیا تھا ۔
چونکہ ریاستی حکومت نے جس عہدیدار مسٹر راگھورام ریڈی کو اس عہدے پر فائز کیا تھا ۔ انہوں نے اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے بجائے عدالت کا رخ کیا تھا ۔ اندرون 3 ماہ تبادلہ کے اختیار کو غیر درست ثابت کرتے ہوئے عدالت کا رخ اختیار کرنے کے سبب عہدہ مخلوعہ تھا تاہم بڑھتے جرائم اور حساس نوعیت کے سبب حکومت نے سی اے آر ہیڈکوارٹر کے اعلی عہدیدار شیوا پرساد کو ساوتھ زون کی زائد ذمہ داری دی تھی ۔ تاہم اب تقریبا 3 ماہ کے عرصہ میں یہ مسئلہ یکسوئی کو پہونچا ہے ۔ اس خصوص میں ڈی سی پی ساوتھ زون مسٹر سریش ترپاٹھی سے بات کرنے پر انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر میں برقراری امن کے لیے وہ ہر ممکنہ اقدامات کریں گے ۔ اور جرائم پر قابو پانے کے علاوہ جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ اور روڈی عناصر کی غیر سماجی حرکتوں کا سختی سے نوٹ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ امن کے بگاڑ کا سبب بننے والی کسی بھی کوشش و حرکت کو پولیس قطعی برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی خدمات کو بہتر بنایا جائے گا ۔۔