ایم جے اور دیگر کالجس میں داخلوں کیخلاف درخواست مسترد

حیدرآباد 27 جون (پریس نوٹ) اعزازی سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی مسٹر ظفر جاوید نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ ہائیکورٹ ڈویژن بنچ نے مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ، سلطان العلوم کالج آف فارمیسی اور امجد اللہ خان کالج آف بزنس اڈمنسٹریشن میں داخلوں کے خلاف دائر کردہ درخواست مسترد کردی ہے۔ پرنسیس آمنہ مرضیہ اور پرنسیس عولیا کلثوم کے علاوہ ناگراج ریڈی نے اِن کالجس میں داخلوں کے خلاف رٹ درخواست دائر کی تھی۔ جسٹس وی رام سبرامنین اور جسٹس این بالایوگی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے جسٹس سی پراوین کمار تلنگانہ اینڈ اے پی کورٹ کے 9 جون 2017 کو جاری کردہ عبوری حکمنامہ کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کی گئی رٹ اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے یہ ہدایت دی۔ جسٹس سی پروین کمار نے عبوری حکمنامہ میں آل انڈیا کونسل فار ٹکنیکل ایجوکیشن کے حکم کو معطل کرتے ہوئے مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو داخلے نہیں زمرہ میں رکھا تھا۔ سلطان العلوم کالج آف فارمیسی اور امجد اللہ خان کالج آف بزنس اڈمنسٹریشن میں تعلیمی سال برائے 2017-18 ء داخلوں کی توسیعی منظوری واپس لے لی تھی۔