ایم بی ٹی قائد فرحت اللہ خاں کا دورہ یاقوت پورہ

بنیادی مسائل پر عوام کی شکایت، ایم بی ٹی قائد کے انتخاب پر مسائل کے حل کا تیقن

حیدرآباد۔/29مارچ، ( پریس نوٹ ) ترجمان مجلس بچاؤ تحریک جناب مجید اللہ خاں فرحت انجینئر نے آج حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے مختلف علاقوں بشمول امان نگر B، چاچا گیریج، بھوانی نگر اور امان نگر A کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں کا صبح 10بجے تا ایک بجے دن پیدل تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مقامی عوام کے بنیادی مسائل بشمول بلدی، برقی اور آبرسانی کا جائزہ لیا۔ فرحت اللہ خان انجینئر کے دورہ پر مقامی عوام نے والہانہ و پرجوش انداز میں خیرمقدم کیا گیا۔ جلسہ عام ریالی کی شکل اختیار کرگیا۔ خواتین نے فرحت خان کو بتایا کہ وہ کئی مسائل کا شکار ہیں۔ بنیادی ضرورتوں کی عدم یکسوئی کے باعث ان کی زندگی اجیرن بن چکی ہے جبکہ راشن کارڈمیںنام کا اندراج ہو یا پھر آدھار کارڈ کا مسئلہ مقامی کارکنان ان سے بھاری رشوت طلب کرنے پر ان کا مسئلہ ادھورا کا ادھورا رہ جاتا ہے۔ عوام نے بتایا کہ جب بھی موسم برسات میں پانی برستا ہے اس موقع پر ان بستیوں میں نالہ کا پانی وافر مقدار میں جمع ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ علاقہ تالاب کی شکل اختیار کرلیتا ہے جس کے باعث خواتین و بچوں کو مذکورہ راستوں سے گذرنے کیلئے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتاہے۔