ایم بی بی ایس کنوینر کوٹہ، پہلے مرحلہ کی نشستوں کی داخلے کونسلنگ مکمل

17 تا 19 جولائی بی ڈی ایس داخلہ کونسلنگ، خانگی و این آر آئی کوٹہ کا عنقریب اعلان

حیدرآباد ۔ 14 جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں گورنمنٹ اور پرائیویٹ میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس ڈگری کورسیس کنوینر کوٹہ کے تحت منعقدہ کونسلنگ کے ذریعہ پہلے مرحلہ کے داخلوں کی جملہ 1804 ایم بی بی ایس کورسیس کی نشستوں کے منجملہ 1758 نشستیں پُر کی گئیں اور جن امیدواروں کو نشستیں الاٹ کی گئیں ان امیدواروں کو 16 جولائی تک الاٹ کردہ کالجوں میں داخلہ لینے سے متعلق رپورٹ کرنا ضروری ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اسپورٹس، سابق فوجی، این سی سی و دیگر خصوصی زمرہ کوٹہ کے تحت پائی جانے والی جملہ 46 ایم بی بی ایس نشستوں پر داخلہ کا عمل بعض فنی وجوہات کی وجہ سے ابھی تک شروع نہیں کیا جاسکا۔ تاہم اس سلسلہ میں بہت جلد اقدامات کئے جانے کی توقع ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ریاست تلنگانہ میں پائے جانے والے پرائیویٹ، پرائیویٹ مائناریٹی و ملٹری میڈیکل کالجوں میں مینجمنٹ اور این آر آئی کوٹہ کے تحت ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلوں کیلئے پہلے مرحلہ کی کونسلنگ کے شیڈول کا اعلان کیا گیا۔ اس شیڈول کی روشنی میں جاریہ ماہ 17 تا 19 جولائی تک عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں واقع پروفیسر جی رام ریڈی مرکز برائے فاصلاتی تعلیم کے احاطہ میں آن لائن کے ذریعہ داخلوں کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔ وائس چانسلر کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی ڈاکٹر کروناکر ریڈی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں مینجمنٹ کوٹہ کے تحت 540 این آر آئی (غیرمقیم ہندوستانیوں) کوٹہ کے تحت 235 ایم بی بی ایس نشستیں (سیٹس) پائی جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں مائناریٹی میڈیکل کالجوں میں مینجمنٹ کوٹہ کے تحت 136 این آر آئی (غیرمقیم ہندوستانیوں) کوٹہ کے تحت (84) ایم بی بی ایس نشستیں پائی جاتی ہیں۔ اسی طرح پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کورسیس کی مینجمنٹ کوٹہ کے تحت 384 نشستیں، این آر آئی کوٹہ کے تحت 150 نشستیں پائی جاتی ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ پرائیویٹ مینجمنٹ اور این آر آئی کوٹہ کے تحت پائی جانے والی نشستوں پر داخلوں سے متعلق حکومت کے آئندہ ایک دو دن میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جانے کی قوی توقع پائی جاتی ہے۔