ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں نیٹ کی بنیاد پر ہی داخلے

دفتر سیاست میں پری کونسلنگ گائیڈنس ، ڈاکٹر عبدالرحمن و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے نیٹ کے رینک پر داخلے ہوں گے ۔ چونکہ تلنگانہ ریاست میں پہلی بار ایمسیٹ کے بجائے نیٹ پر کونسلنگ ہوگی ۔ اس لیے امیدواروں کو آل انڈیا رینک ، محصلہ نشانات کونسلنگ کے طریقہ کار اور مسلم میناریٹی کالجس کی علحدہ کونسلنگ سے واقفیت سے داخلے میں آسانی ہوگی ۔ اس ضمن میں ادارہ سیاست کے تحت نیٹ کا پری کونسلنگ گائیڈنس پروگرام رکھا گیا جو محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر منعقد ہوا ۔ ماہرین کی ٹیم نے نیٹ کے محصلہ نشانات پر ایم بی بی ایس میں داخلے کو تفصیلی طور پر بتایا ۔ پروفیسر ظہیر بیگ کنگ فہد یونیورسٹی سعودی عربیہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنی تقریر میں کہا کہ ڈاکٹر ایک مقدس پیشہ ہے اور یہاں ایم بی بی ایس میں داخلے کے خواہش مند مستقبل کے ڈاکٹر ہیں ۔ وہ اپنے پیشہ کو اپناتے ہوئے اس سے انصاف کریں ۔ ایم بی بی ایس کے علاوہ دیگر کورسز بھی میڈیکل شعبہ میں ہیں جس سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے اس میں داخلے کی مساعی کریں ۔ ڈاکٹر عبدالرحمن سابق پروفیسر اگریکلچر یونیورسٹی نے انٹر بی پی سی طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ نیٹ کے ذریعہ وٹرنری سائنس بی وی ایس سی کورس میں آل انڈیا 15 فیصد نشستوں کے لیے بھی اہل ہیں ۔ احمد بشیر الدین فاروقی نے میڈیکل کے علاوہ نیٹ میں جن کورسز میں داخلے ہوتے ہیں ان میں بی ڈی ایس کے علاوہ ہومیو پیتھی اور آیورویدک کورسز میں داخلے مل سکتے ہیں ۔ مسٹر ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست نے اس موقع پر نیٹ کے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے کونسلنگ کے مکمل طریقہ کار کو آسان انداز میں بتایا اور کہا کہ کونسلنگ کے لیے کسی کو کوئی اطلاع نہیں دی جاتی ۔ آپ شیڈول اور اعلامیہ کے مطابق عمل کریں اس ضمن میں سیاست کیرئیر گائیڈنس ایس ایم ایس الرٹ سرویس سے تمام طلبہ کو مطلع کرے گا ۔ نیٹ کے اسکور شیٹ میں مارکس اور فیصد تناسب دیا گیا امیدواروں کو پہلے گورنمنٹ کی جنرل ویب کونسلنگ میں شریک ہونا ہوگا ۔ اس میں گورنمنٹ کے میڈیکل کالجس کے علاوہ پرائیوٹ نان میناریٹی میڈیکل / ڈینٹل کالجس ہوتے ہیں اگر مسلم میناریٹی کالجس کونسلنگ میں شامل نہ ہو تو ان کی علحدہ کونسلنگ ہوتی ہے ۔ اس کے لیے فارم داخل کرنا ہوتا ہے ۔ اس موقع پر نیٹ کے طلبہ کو ان کے محصلہ نشانات اور آل انڈیا رینک کے بعد تلنگانہ کا نیٹ رینک اور میناریٹی رینک جو متوقع ہے اس سے واقف کروایا گیا اور ہر طالب علم کی شخصی کونسلنگ کی گئی ۔ اور انہیں داخلے کے لیے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کے زیر سرپرستی و رہنمائی میں ہر سال یہ کونسلنگ سیشن نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوتے ہیں ۔ آخر میں ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا ۔۔