ایم بی اے ‘ ایم سی اے میں داخلوں کیلئے اعلامیہ جاری

حیدرآباد ۔14؍ ستمبر ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش میں ایم بی اے ‘ ایم سی اے کورسیس میں داخلوں کے لئے باقاعدہ طور پر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔ اور اس جاری کردہ اعلامیہ کی روشنی میں 17 تا 21 ستمبر صداقتناموں کی تنقیح و جانچ کا عمل جاری رہے گا ۔ ہر روز 25 ہزار طلبا و طالبات کے صداقتناموں کی جانچ کی جائیگی ۔ ریاستی محکمہ فنی تعلیم کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ جسمانی طور پر معذورین ‘ این سی سی ‘ اسپورٹس اینڈ گیمس و دیگر زمرہ جات کے طلبا کے صداقتناموں کی مکمل جانچ 14 تا 20 ستمبر کے دوران ٹیکنیکل ایجوکیشن بھون حیدرآباد میں کی جائیگی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 ؍ ستمبر سے نشستوں کے الاٹمنٹ کا آغاز کیا جائیگا ۔ اور دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش میں ایم بی اے و ایم سی اے کورسس میں داخلوں کے لئے آئی سیٹ کے اہم امیدواروں کے ہی رینک کی اساس پر 20 اور 21 ؍ ستمبر کو صرف دونوں میں پہلے رینک تا 60 ہزار رینک تک کے امیدواروں کے صداقتناموں کی جانچ کی جائیگی ۔ اور 22 تا 23 ستمبر تک60,001 (ساٹھ ہزار ایک) تا آخری رینک حاصل کرنے والے طلبا کے صداقتنامہ جات کی جانچ مکمل کرلی جائیگی ۔