ایم بی اے کے لیے ٹائمس پرو کا 10 لاکھ روپئے کی اسکالر شپ کا اعلان

حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ٹائمس پرو کی جانب سے ایم بی اے کے شعبہ میں تاحال سب سے بڑی اسکالر شپ 10 لاکھ روپئے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ ٹائمس پرو اسکالر شپ کے تحت ہندوستان بھر سے ذہین طلبہ کا 2 مراحل میں انتخاب کرتے ہوئے انہیں 50 ہزار تا 5 لاکھ روپئے کی اسکالر شپ منظور کی جائے گی ۔ اسکالر شپ کے لیے جو طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے اس میں پہلا مرحلہ 15 مئی سے شروع ہورہا ہے جس میں طلبہ کو ایک آن لائن ٹسٹ دینا ہوگا اور اس آن لائن ٹسٹ میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو ہندوستان بھر میں موجود 200 سے زائد این ایس ای آئی ٹی مراکز پر طلب کیا جائے گا جہاں دوسرے مرحلے کی کارروائی مکمل کی جائے گی جس کو ’ پروکٹوریڈ ٹسٹ ‘ کا نام دیا گیا ہے اور یہ ٹسٹ 28 تا 31 مئی منعقد ہوگا ۔ مذکورہ اسکالر شپ کے لیے ایسے طلبہ اہل ہوں گے جن کی عمریں 25 برس سے کم ہے جنہوں نے 10 ، 12 اور ڈگری سطح پر کم از کم 50 فیصد نشانات حاصل کئے ہوں ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ٹائمس پرو کے صدر مسٹر دیپک لمبا نے کہا کہ ٹائمس پرو نے گذشتہ چند برسوں کے دوران نہ صرف سینکڑوں طلبہ کو ٹریننگ دی ہے بلکہ مختلف صنعتی شعبوں میں طلبہ کو ایک شاندار کیرئیر فراہم کیا ہے ۔ ٹائمس پرو اسکالر شپ کی مزید تفصیلات کیلئے ٹول فری نمبر 1800-102-2323 یا ویب سائٹ timespro.com ملاحظہ کریں ۔۔