ایم بی اے پرچہ سوالات کا واٹس ایپ پر افشاء

اورنگ آباد ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایم بی اے امتحان کا پرچہ سوالات کا سوشیل میڈیا کے ایک مقبول عام پلیٹ فام کے ذریعہ افشاء ہوجانے کے بعد پولیس نے تین طلبہ کو حراست میں لے لیا۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ ایم بی اے کے ایک طالب علم نے امتحان ہال سے واٹس ایپ کے ذریعہ پرچہ سوالات کو اپنے دوست تک پہنچانے کی کوشش کی تھی۔ اس پرچہ کے افشاء کے بعد حکام کو یہ امتحان منسوخ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وسنت راؤ نائک کالج کے اس امتحانی مرکز پر پیش آئے واقعہ کے ضمن میں پولیس نے تین طلبہ کو حراست میں لے لیا ہے۔ امتحان کے نگراں ایک عہدیدار نے کہا کہ شیخ احمد کلیم نے واٹس ایپ کے ذریعہ اس پرچہ کا افشاء کرنے کی کوشش کی تھی۔