کانگریس ہائی کمان کی ہدایت، پیر کو وارانسی روانگی
حیدرآباد /2 مئی (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خان وارانسی اور جونپور میں کانگریس امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ سونیا گاندھی کے سکریٹری سیاسی امور احمد پٹیل اور مرکزی وزیر غلام نبی آزاد نے ایم اے خان کو وارانسی اور جونپور میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ ایم اے خان 5 مئی کو وارانسی پہنچیں گے اور 10 مئی تک وہاں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے، جب کہ پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی 6 مئی کو وارانسی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ دریں اثناء ایم اے خان نے کہا کہ ملک میں مودی کی کوئی لہر نہیں ہے اور نہ ہی سیکولرازم پر ایقان رکھنے والے بی جے پی یا نریندر مودی کی تائید کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوتوا طاقتیں ملک کے سیکولرازم کو نقصان پہنچانے کے لئے نریندر مودی کا جھوٹا پروپیگنڈا کرکے یہ بتانے کی کوشش کر رہی ہیں کہ آئندہ ملک میں بی جے پی اور این ڈی اے کی حکومت ہوگی اور نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس ملک کی واحد سیکولر جماعت ہے، جس نے کبھی فرقہ پرستی سے سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی کبھی سیکولرازم کو نقصان پہنچنے دے گی۔ انھوں نے کہا کہ اب تک جتنے مرحلوں کے انتخابات ہوئے ہیں، ان میں کانگریس اور سیکولر جماعتوں کا حوصلہ افزا مظاہرہ رہا ہے، جب کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے سارے ملک میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لے کر پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا کیا ہے۔