ایم اے حکیم تلگودیشم سے مستعفی

حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کی بی جے پی سے انتخابی مفاہمت کے بعد مسلم قائدین میں جاری ناراضگی کا سلسلہ اب بھی ہے۔ جناب محمد عبدالحکیم ریاستی آرگنائزنگ سکریٹری تلگودیشم پارٹی نے آج صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو کو دو صفحات پر مشتمل اپنا مکتوب استعفیٰ روانہ کردیا ہے۔ اُنھوں نے مکتوب استعفیٰ میں مسٹر نائیڈو کی جانب سے نریندر مودی کی ستائش کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ شائد مسٹر نائیڈو اِس بات کو فراموش کرچکے ہیں کہ اُنھوں نے خود مودی کو 2002 ء میں نااہل چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ جناب ایم اے حکیم نے مکتوب استعفیٰ میں صدر تلگودیشم پارٹی کی جانب سے کئے گئے متعدد اعلانات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ بارہا مسلمانوں سے اِس بات کا وعدہ کرچکے تھے کہ وہ مستقبل میں کبھی بی جے پی سے انتخابی مفاہمت نہیں کریں گے۔ لیکن مسٹر نائیڈو مسلمانوں اور سیکولر عوام سے کئے گئے وعدے کو وفا نہیں کرسکے۔ جس کی وجہ سے وہ بے انتہا دل برداشتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر تلگودیشم مسٹر نائیڈو نے مسلم اعلامیہ میں وعدہ کیا تھا کہ کم از کم 15 مسلم ارکان اسمبلی اور 3 مسلم ارکان پارلیمنٹ کو کامیاب بنایا جائیگا۔