طبی آلات کی خریدی کیلئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل
حیدرآباد 22 مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت نے ایم این جے کینسر ہاسپٹل میں عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے عصری طبی آلات کی خریدی کرنے چند ممتاز ماہرین امراض و سرکاری اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی ہے ۔ اس کمیٹی کے قیام سے متعلق احکامات بھی جاری کئے گئے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ جاری کردہ احکامات کی روشنی میں پرنسپال سکریٹری ریاستی محکمہ صحت و طبابت کمیٹی کے صدر نشین ہوں گے ۔ پرنسپال سکریٹری ، محکمہ فینانس ، ڈائرکٹر ایم ین جے کینسر ہاسپٹل ، ڈائرکٹر نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ، منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایم ایس ، آئی ڈی سی ۔ اور صدر شعبہ نیوکلیر میڈیسن ، بحیثیت ارکان کمیٹی ہوں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پیٹ اسکان (PET Scan) آبلیشن ، ماڈیولر آپریشن تھیٹرس قائم کرنے درکار عصری طبی آلات کی خریدی کرنے یہ کمیٹی تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات کرے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت نے ین سی سی ڈی سی ایس اسکیم کے ایک حصہ کے طور پر ایم ین جے ( مہدی نواز جنگ ) ریجنل کینسر سنٹر کے لیے 112 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے اور پہلے دو ابتدائی اقساط کے حصہ کے طور پر 18 کروڑ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں اور ریاستی حکومت نے بھی مزید 12 کروڑ روپئے مختص کی ہے ۔ اس طرح دونوں رقومات ملا کر جملہ 30 کروڑ روپیوں کے ذریعہ درکار انتہائی عصری نوعیت کے طبی آلات کی خریدی عمل میں لائی جائے گی ۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ ریاست بھر میں پائے جانے والے گورنمنٹ ہاسپٹلس میں پیٹ اسکان کی سہولت فراہم کئے جانے والے ہاسپٹلس میں این ین جے ( مہدی نواز جنگ ) کینسر ہاسپٹل ریاست کا پہلا ہاسپٹل ثابت ہوگا ۔ جب کہ پرائیوٹ ہاسپٹل میں پیٹ اسکان (PET SCAN) کروانے پر مریض سے 25 ہزار روپئے وصول کئے جاتے ہیں ۔ لیکن اب اس طرح کے عصری طبی آلات سرکاری ہاسپٹلس میں دستیاب پائے جائیں تو غریب عوام کے لیے کارپوریٹ طبی سہولتیں فراہم ہوسکیں گی ۔