ایم این ایس کا راستہ روکو احتجاج کے خلاف راج ٹھاکرے کو پولیس کی نوٹس

ممبئی۔/11فبروری، ( سیاست نیوز) ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کی جانب سے چہارشنبہ کو ٹول ٹیکس کے خلاف ریاست بھر میں راستہ روکو احتجاج کے اعلان کے دو دن بعد پولیس نے ایم این ایس سربراہ کوآج ایک نوٹس جاری کی اور ریاست میں کسی بھی طرح کے لاء اینڈ آرڈر مسئلہ پیدا کرنے کے خلاف انتباہ دیا۔ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ راج ٹھاکرے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں کہا گیا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی سرگرمیوں سے باز رہیں جس سے ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہوتا ہو۔

مسٹر ٹھاکرے جنہیں ریاست کی مختلف شاہراہوں پر ٹول ٹیکس بوتھس پراپنے کارکنوں کے ذریعہ حملہ کروانے جیسے کئی ایک کیسیس کا سامنا ہے نے اتوار کے روز پونے میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنا احتجاج اسوقت تک جاری رکھیں گے جب تک کہ حکومت روڈ ٹیکس میں شفافیت پیدا نہیں کرے گی۔دریں اثناء ٹھاکرے نے حکومت کو چیلنج کیا ہے کہ اگر اس میں ہمت ہے تو انہیں گرفتار کرکے دکھائے۔جس کے بعد پولیس نے پارٹی کارکنوں کو بھی نوٹسیں جاری کی ہیں۔