ایم ایم ٹی ایس سرویس شمس آباد ایرپورٹ تک چلانے کا منصوبہ

حیدرآباد /29 اگست ( سیاست نیوز ) شمس آباد ایرپورٹ تک ایم ایم ٹی ایس سرویس چلانے کے منصوبہ پر غور کیا جارہا ہے ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ایرپورٹ ذمہ داروں جی ایم آر کی تجویز کو مسترد کردیا کہ ریلوے لائین بچھانے کا کام راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے 3.4 کیلومیٹر دور کیا جائے ۔ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے کہا کہ ریلوے مسافروں کو سہولتیں پہونچائے بغیر ٹرین سرویس چلانے کی کوشش فضول ہوگی اس لئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ایرپورٹ سے3.4 کیلومیٹر دور ریلوے لائین بچھانے کی تجویز کو ناقابل قبول قرار دیا ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر ٹی کے سریواستو نے کہا کہ ایم ایم ٹی ایس کو ایرپورٹ کے ٹرمنل تک وسعت دینے کا منصوبہ ہے ۔ سوائے جی ایم آر کے تمام متعلقہ ذمہ دار اداروں نے اس تجویز کو قبول کرلیا ہے ۔ ہم تلنگانہ حکومت کے ساتھ اس موضوع پر بات چیت کریں گے ۔