ایم ایل سی کے لئے کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کی مساعی کا آغاز

گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کا اجلاس، ملو بٹی وکرامارک و دیگر کا خطاب
حیدرآباد /13 مارچ (سیاست نیوز) ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ کانگریس ملو بٹی وکرامارک نے حیدرآباد، رنگا ریڈی اور محبوب نگر کے گریجویٹ کوٹہ کے کونسل انتخابات کے لئے کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کے لئے پارٹی کیڈر کو کمربستہ ہوجانے کا مشورہ دیا۔ آج شام گاندھی بھون میں گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس ڈی ناگیندر، سابق رکن پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو، جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس لکشمن گوڑ، سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس سید یوسف ہاشمی، ڈاکٹر ایم اے انصاری، خواجہ ذاکر الدین اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ورکنگ پریسیڈنٹ نے حیدرآباد سٹی کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لئے دن رات کام کریں اور حکومت کی ناکامی کے تعلق سے عوام بالخصوص گریجویٹ طبقہ میں شعور بیدار کریں۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے بہت جلد انتخابی تشہیر کے لئے انچارجس مقرر کئے جائیں گے۔ انھوں نے پارٹی کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ متحد ہوکر تلنگانہ اور مرکزی حکومت کی ناکامیوں، عوام دشمن پالیسیوں اور وعدوں کی عدم تکمیل کے خلاف تشہیری مہم چلائیں۔