شکست سے توجہ ہٹانے کسان سے چیف منسٹر کی بات چیت، کانگریس قائد کسم کمار کا بیان
حیدرآباد۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے کارگزار صدر کسم کمار نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات کے نتائج ٹی آر ایس پر عوامی برہمی کا واضح طور پر اظہار ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کسم کمار نے کہا کہ شکست سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے کے سی آر نے ایک کسان سے فون پر بات کی اور اراضی سے متعلق مسئلہ کی یکسوئی کا یقین دلایا۔ ایم ایل سی انتخابات میں شکست کے بعد کے سی آر کو کسانوں کی یاد آئی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران زرعی شعبہ کو کے سی آر نے نظرانداز کردیا تھا۔ کسان فصلوں کی امدادی قیمت کے لیے پریشان تھے لیکن حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ کسان سے فون پر بات کرتے ہوئے اس طرح تشہیر کی گئی جیسے کے سی آر کے علاوہ کوئی اور کسانوں کا ہمدرد نہیں ہے۔ کسم کمار نے کہا کہ کونسل کے نتائج کی طرح لوک سبھا کے نتائج برآمد ہوں گے اور عوام ٹی آر ایس کو شکست سے دوچار کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی طرح ہوسکتا ہے آئندہ چیف منسٹر کو سکریٹریٹ کی یاد آئے گی۔ کانگریس قائد نے کہا کہ کانگریس سے خارج کردہ قائدین کا بی جے پی خیرمقدم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی ضمانت بھی نہیں بچے گی۔ کے ٹی آر سے ملاقات کرنے والے قائدین کو کانگریس نے فوری طور پر معطل کردیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹی آر ایس کے کئی قائدین قیادت سے ناراض ہیں اور وہ کانگریس کے ربط میں ہیں۔ چند قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ کسم کمار نے غریبوں کے لیے اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ راہول گاندھی نے غربت کے خاتمہ کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس اسکیم سے غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس ملک بھر میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ کسم کمار نے کانگریس پر کے ٹی آر کی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کے ٹی آر کو جان لینا چاہئے کہ ٹی آر ایس ایک ضمنی علاقائی جماعت ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ غریبوں کے لیے اعلان کردہ اسکیم کی بہتر طور پر تشہیر کریں۔