ایم ایل اے کوٹہ سے ایم ایل سی کے لیے کانگریس میں ایکدوسرے پر مسابقت

کانگریس کو ایک نشست یقینی ، ڈی سرینواس اور پنالہ لکشمیا کی کوششیں
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس پارٹی میں ایم ایل اے کوٹہ سے منتخب ہونے والی ایک واحد نشست کے لیے ’ ایک انار ۔ سو بیمار ‘ کے مماثل دوڑ دھوپ شروع ہوگئی ہے ۔ جی توڑ کوشش کرنے والے سینئیر قائدین مسٹر ڈی سرینواس اور مسٹر پنالہ لکشمیا نے آخری لمحات میں کانگریس ہائی کمان کے موڈ کو دیکھتے ہوئے اپنی اپنی بہوؤں کو بھی امیدوار بنانے کی ہائی کمان سے سفارش کررہے ہیں ۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں عددی طاقت کے لحاظ سے کانگریس پارٹی کی ایک نشست پر کامیابی یقینی ہے اس واحد نشست کے لیے کانگریس کے کئی قائدین دہلی پہونچ کر جہاں پارٹی کے سینئیر قائدین سے ملاقات کرارہے ہیں وہیں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کے بشمول دوسرے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے گاندھی بھون سے ہائی کمان کو روانہ ہونے والی فہرست میں اپنا اپنا نام شامل کرانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا کہ کانگریس کے 6 قائدین کے ناموں پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ جس میں سابق صدور پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی سرینواس ، مسٹر پنالہ لکشمیا سابق اسپیکر اسمبلی مسٹر کے آر سریش ریڈی صدر سیوا دل کانگریس مسٹر کے جناردھن ریڈی ، سابق ریاستی وزیر مسٹر ڈی ناگیندر سابق مئیر گریٹر حیدرآباد مسز کارتیکا ریڈی ، مسٹر پنالہ لکشمیا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدے سے ہٹانے کے بعد ہائی کمان کی جانب سے انہیں امیدوار بنانے کی امید کررہے ہیں ۔ جب کہ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کے پاس اچھا ریکارڈ رکھنے والے مسٹر ڈی سرینواس بھی دہلی میں کیمپ کیے ہوئے ہیں ۔ کانگریس کے ذرائع سے پتہ چلا کہ کانگریس پارٹی کسی خاتون کو ایم ایل سی بنانے کے بارے میں بھی غور کررہی ہے ۔ اس کا اشارہ ملتے ہی سابق صدر مہیلا کانگریس اے للیتا اتوار کو دہلی پہونچ گئی اور ڈی سرینواس و پنالہ لکشمیا بھی فوری چوکنا ہوگئے ۔ دونوں قائدین اپنے لیے ٹکٹ حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور اپنے اپنے تمام اثر و رسوخ کو استعمال کررہے ہیں ۔ اگر ہائی کمان کسی خاتون کو امیدوار بنانا چاہتی ہے تو یہ قائدین اپنی اپنی بہوؤں کا نام ہائی کمان کو سفارش کررہے ہیں ۔ اگر انہیں امیدوار نہ بنانے کی صورت میں ان کی بہوؤں کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ تلنگانہ میں 21 مئی سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے عمل کا آغاز ہوگا ۔ کانگریس کے تمام دعویدار قائدین دہلی پہونچ گئے ہیں اور اپنے اپنے حق میں تحریک چلا رہے ہیں ۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر ایم اے خان کی جانب سے کانگریس سیوا دل کے صدر نشین مسٹر کے جناردھن ریڈی کے نام کی سفارش کرنے کا علم ہوا ہے ۔۔