ایم ایس کے مفت اقامتی IAS کوچنگ کا آج نتیجہ

185 امیدواروں کی انٹرویو کے لئے طلبی : مینیجنگ ڈائرکٹر‘ انور احمد
حیدرآباد 29 /اگست(پریس نوٹ ) : ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی کی طرف سے منعقد کئے گئے مفت اقامتی IAS کوچنگ انٹرنس ٹسٹ کا ریزلٹ30 اگست کو جاری کیا جائے گا ۔ جو ایم ایس کے ویب سائٹwww.mseducationacademy.in پر دستیاب ہوگا۔ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی کے مینجنگ ڈائرکٹر انور احمد نے آج پریس کو اسکی جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ IAS کی کوچنگ کے لئے ذہین طلباء کے انتخاب کے لئے 12 اگست 2018 کو کل ہند سطح پر داخلہ ٹسٹ منعقد کئے گئے تھے ۔ جس کا نتیجہ 30 اگست کو ایم ایس کے ویب سائٹ پر شائع کردیا جائیگا۔ یہ ٹسٹ 21 ریاستوں میں بیک وقت کرائے گئے تھے۔ حیدرآباد سمیت ملک کے 49 شہروں میں ٹسٹ سنٹرس بنائے گئے تھے ۔ہر شہر میں ملت کے بہی خواہوں نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی کے اس اقدام کی سراہنا کرتے ہوئے انکے شہروں میں ٹسٹ سنٹرس قائم کئے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ چند فکر مند حضرات نے اپنے اپنے علاقوں میں طلباء گروپ کو اس امتحان کی اہمیت وافادیت سے واقف کراتے ہوئے انہیں اس امتحان میں شریک ہونے کی ترغیب دلائی۔مینجنگ ڈائرٹر انور احمد نے نتیجہ کی تفصیلات کے بارے میں کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر 185 امیدواروں کو انٹرویو کے لئے حیدرآباد طلب کیا جائے گا ۔ اور امیدوار کا فائنل انتخاب تحریری اور انٹرویو کے نشانات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ انٹرویو کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انٹرویو کے لئے بیورو کریسی‘ ماہر تعلیم اور ماہر نفسیات پر مشتمل تین پیانل تیار کئے گئے ہیں جو امیدواروں کا انٹرویو لینگے۔ امیدواروں کی فہرست 30 اگست کو ویب سائٹ پر جاری کردی جائے گی۔ انٹرویو 5 ستمبر سے شروع کئے جائیں گے جو تین دنوں تک چلے گا۔مینیجنگ ڈائرکٹر انور احمد نے بتایا کے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی اپنی (CSR) کار پوریٹ سوشیل ریسپانسیبلیٹی کے تحت IAS اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا ہے تا کہ ملت کے طلباء کو سیول سرویزامتحان کی تیاری کرواکے ملک کی بیورکریسی میں شامل کیا جاسکے۔ اور امید ظاہر کی جلدہی ایم ایس IAS اکیڈمی سے وسیع تعداد میں طلباء کامیابی حاصل کر کے ملک کی ترقی میں اپنی خدمات فراہم کرینگے۔ ملت کے نوجوانوں کو ملک کی بیوروکریسی کا حصہ بنانے کے لئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی نے حیدرآباد کے آصف نگر میں جدید سہولیات ایرکنڈیشن کلاس رومس‘ لائبریری اور انٹرنیٹ سے مربوط عمارت میں ایم ایس IAS اکیڈمی کا قیام عمل میںلایا ہے۔ مقابلہ جاتی امتحانات کے کتابوں کا ذخیرہ جمع کیا گیا ہے۔ سیول سرویز کے امتحان کے لئے ضروری تمام مواد اکٹھا کیا گیا ہے۔ تاکہ پرسکون ماحول میں طلباء پورے شاندار انہماک سے امتحان کی تیاری کرسکیں۔ اس اکیڈمی میں قیام و طعام کی پوری سہولیات مفت فراہم کیا گیا ہے ۔ کوچنگ اور نگرانی کے لئے ماہر اساتذہ کی خدمات کو حاصل کیا گیاہے۔ داخلہ کی کوئی فیس نہیں ہے۔