حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) تعلیمی سال 2013-14 کے عثمانیہ یونیورسٹی ڈگری کے نتائج جون 2014 میں جاری کئے گئے تھے لیکن یونیورسٹی ٹاپرس اور سرفہرست طلبہ کے ناموں اور رینک کا آج اعلان کیا گیا۔ بی کام کمپیوٹر اسٹریم میں ایم ایس ڈگری کالج کی طالبہ فرحین بیگم بنت شیخ امیر الدین نے یونیورسٹی میں پہلا رینک حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی ٹاپر کا مقام پایا، ان کے محصلہ نشانات 1572 ہیں۔ فرحین نے انٹر میڈیٹ بھی ایم ایس جونیر کالج سے کی تھی۔ اس کے علاوہ بی ایس سی ( ایم پی سی) اسٹریم میں ایم ایس ڈگری کالج کی ایک اور طالبہ روبینہ جویریہ بنت ٹی ایس سلیم نے یونیورسٹی میں 5واں رینک حاصل کیا۔ ان کے محصلہ نشانات 1627 ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے حدود میں اس سے ملحقہ ڈگری کالجس کی تعداد لگ بھگ 800ہے جس میں ایم ایس ڈگری کالج کی دو طالبات نے رینک حاصل کیا جو ایک اعزاز ہے۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ڈائرکٹر مسٹر معظم حسین نے اس کامیابی اور رینک کے حصول پر طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو دلی مبارکباد دی اور کہا کہ ایم ایس ایجوکیشن سنٹر گزشتہ 11برسوں سے پبلک امتحانات میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے رینک حاصل کررہا ہے۔