ایم آر آئی سے ہلاکت کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

ممبئی 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں گزشتہ دنوں ایک خانگی دواخانے میں پیش آئے ایم آر آئی مشین میں ہلاکت کے واقعہ کے بعد بمبئی میونسپل کارپوریشن نے ایک کمیٹی قائم کرتے ہوئے اِس واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بی ایم سی نے اِس واقعہ کے تناظر میں شہر کے تمام دواخانوں کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثناء نائر ہاسپٹل جہاں گزشتہ دنوں یہ حادثہ پیش آیا، کے ذمہ داروں نے کہاکہ وہ اِس معاملہ میں پولیس سے مکمل تعاون کررہا ہے۔ واضح رہے کہ 32 سالہ راجیش مارو اُس وقت گیس پی جانے کے بعد ہلاک ہوگیا جب وہ ایم آر آئی مشین کے ذریعہ کھینچ لئے جانے کے بعد مشین کے منہ پر جاکر چپک گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ راجیش مارو کے پیٹ میں گیس حد سے زیادہ داخل ہوگیا تھا جس کی وجہ سے اُس کی ہلاکت واقع ہوگئی۔ نائر ہاسپٹل جسے شہری انتظامیہ کی جانب سے چلایا جاتا ہے، کہاکہ اِس بارے میں تحقیقات کے لئے ایک پیانل تشکیل دیا گیا ہے جو اس حادثہ کی تحقیقات کے علاوہ متعلقہ دواخانوں کے لئے رہنمایانہ خطوط بھی جاری کرے گا تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کے اعادہ کو روکا جاسکے۔