ایمہ اور موذنین کا اعزازیہ ہر ماہ پابندی سے جاری کرنے کی ہدایت

پولیس میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ پر توجہ دی جائے، وقف فائیلوں کو کمپیوٹرائز کرنے کا مشورہ، چیف سکریٹری کا اقلیتی بہبود پر اعلی سطحی اجلاس
حیدرآباد۔20 جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری ڈاکٹر شیلندر کمار جوشی نے محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت دی کہ ایمہ اور موذنین کے ماہانہ اعزازیہ کی اجرائی میں تاخیر نہ کریں۔ انہوں نے ہر ماہ کی 5 تاریخ کو ایمہ اور موذنین کا اعزازیہ کسی بھی صورت میں جاری کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے آج اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ محکمہ کی کارکردگی، مختلف اقلیتی اداروں میں اسکیمات پر عمل آوری کے علاوہ بجٹ کے خرچ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ عہدیداروں کی جانب سے پہلے سہ ماہی کا بجٹ جاری نہ کیے جانے کی شکایت پر چیف منسٹری نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ محکمہ کے ماہانہ اخراجات پر مشتمل رپورٹ پیش کریں تاکہ انتہائی ضروری بجٹ کو جاری کیا جاسکے۔ چیف سکریٹری نے تین تا چار ماہ کے حساب سے بجٹ کی اجرائی کا تیقن دیا۔ چیف سکریٹری نے پولیس میں بڑے پیمانے پر تقررات کے سلسلہ میں اقلیتی امیدواروں کو ہر ضلع میں ٹریننگ کے اہتمام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پولیس میں اقلیتوں کی نمائندگی میں خاطرخواہ طور پر اضافہ ہو۔ ہر ضلع میں پولیس ٹریننگ کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہونے چاہئیں۔ انہوں نے اقلیتی اقامتی اسکولوں میں عارضی بنیادوں پر ریٹائرڈ پرنسپلس کے تقرر کی مخالفت کی اور پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ مستقل تقررات کے لیے مساعی کرنے کا مشورہ دیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اقامتی اسکولوں کی صرف 7 عمارتیں ذاتی ہیں جبکہ باقی اسکول کرایہ کی عمارتوں میں کام کررہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے اسکولس کے لیے اراضی کی نشاندہی کے کام میں تیزی پیدا کرنے کا مشورہ دیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 16 اضلاع میں جاری مرکزی حکومت کی ایم ایس ڈی پی اسکیم کے تحت 55 نئے ہاسٹلس کے قیام کا منصوبہ ہے۔ حیدرآباد میں اقلیتوں کو پیشہ ورانہ کورسس میں تربیت کے لیے قومی سطح پر اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلہ میں اراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ اس سنٹر میں 6 ہزار سے زائد اقلیتی امیدواروں کو مختلف کورسس میں ٹریننگ دی جائے گی۔ چیف سکریٹری نے سکریٹری، وزارت اقلیتی امور نئی دہلی سے فوری ربط قائم کیا اور اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کے قیام میں تعاون کی خواہش کی۔ عہدیداروں نے وقف بورڈ کی کارکردگی کی تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ 66 ہزار سے زائد فائلوں کی اسکیننگ اور کمپیوٹرائزیشن کا کام جاری ہے۔ چیف منسٹر سکریٹری نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام فائلوں کو کمپیوٹرائز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے حج 2018ء کے سلسلہ میں حج کمیٹی کی جانب سے کیے جارہے انتظامات کی ستائش کی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے دائرۃ المعارف اور دیگر قدیم لائبریریز میں موجود نادر و نایاب کتابوں کے تحفظ کی جانب توجہ مبذول کروائی۔ چیف سکریٹری نے نادر و نایاب کتابوں کے ڈیجٹلائزیشن کے لیے پراجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ حکومت درکار بجٹ جاری کرے گی۔(سلسلہ صفحہ 7 پر )