ایمس سے زیر زمین راستہ ، 2منٹ میں ٹراما سنٹر پہنچنے کا بندوبست

نئی دہلی۔ 2 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام)  دارالحکومت کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے نزدیک واقع جے پرکاش نارائن ٹراما سینٹر کو جوڑنے والے زیر زمین راستے کے کھل جانے کے ساتھ ہی اب مریضوں اور ڈاکٹروں کو بہت سہولت ہوگی۔زیر زمین راستے کے کھل جانے سے ہنگامی صورت حال میں سنگین حالت والے مریضوں کے علاوہ ڈاکٹروں اور ایمبولینسوں گاڑیوں کو ایمس سے ٹراما سینٹر تک پہنچنے میں اب صرف دو منٹ لگیں گے ۔ ایمس کے حکام کے مطابق اب تک اگر کسی مریض کو ایمس سے ٹراما سینٹر شفٹ کرنا ہوتا تھا تو اسے رنگ روڈ، صفدر جنگ اسپتال اور بھیکاجی کاما پیلس سے ہوتے ہوئے ٹراما سینٹر تک لے جانے میں 30 منٹ کا وقت لگ جاتا تھا لیکن زیرزمین راستے کے ذریعے اب محض دو منٹ میں ٹراما سینٹر پہنچا جا سکے گا۔ راستے میں ایمبولینس اور ڈاکٹروں کی گاڑیوں کے علاوہ مریض اور اس کے رشتہ داروں کے پیدل چلنے کا بھی راستہ بنایا گیا ہے ۔