حیدرآباد 4 فبروری (سیاست نیوز) انجینئرنگ و میڈیسن کورسیس میں داخلوں کیلئے اہلیتی ٹسٹ ’’ایمسیٹ 2014 کا 17 مئی کو انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔آن لائن بغیر جرمانہ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 4 اپریل ہوگی جبکہ 500 روپئے جرمانے کے ساتھ درخواست 18 اپریل تک اور ہزار روپئے جرمانے کے ساتھ25 اپریل، پانچ ہزار روپئے جرمانے کے ساتھ 5 مئی اور دس ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ آن لائن ایمسیٹ فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 14 مئی مقرر ہے۔ ایمسیٹ کمیٹی کے آج جے این ٹی یو میں منعقدہ اجلاس میں ایمسیٹ کے پروگرام کو قطعیت دی گئی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پروفیسر وینو گوپال ریڈی صدرنشین کونسل برائے اعلیٰ تعلیم اور پروفیسر این وی رمنا راؤ کنوینر ایمسیٹ نے بتایا کہ ایمسیٹ کا 10 فبروری کو اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔ لیکن آن لائن فارمس داخل کرنے ویب سائیٹ کارکردگی کا 20 فبروری سے آغاز ہوگا ۔ اُنھوں نے کہاکہ ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ ویب سائیٹ کے ذریعہ اجرائی 2 مئی سے شروع ہوگی اور آخری تاریخ 15 مئی ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ اس سال آن لائن درخواست میں کوئی غلطیاں ہوں تو ان کی تصحیح کرلینے موقع فراہم کرتے ہوئے 6 اپریل تا 13 اپریل موقع فراہم کیا ہے
جبکہ ایمسیٹ انجینئرنگ ٹسٹ صبح 10 تا 1 بجے دوپہر اور میڈیسن و اگریکچر دوپہر ڈھائی بجے تا شام ساڑھے پانچ بجے منعقد ہوگا۔ علاوہ ازیں 19 مئی کو ابتدائی ایمسیٹ کی جاری کی جائیگی۔ جبکہ 26 مئی ابتدائی طور پر جاری ’ایمسیٹ کی‘ پر اعتراضات پیش کئے جاسکتے ہیں۔ نتائج کا 2 جون کو اعلان کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ایمسیٹ فیس میں اضافہ نہیں کیا گیا ۔ اس مرتبہ ایمسیٹ کے قواعد و ضوابط و طریقہ کار میں دس مختلف نوعیت کی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور طلبا کی رہنمائی کیلئے سرویس سنٹرس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا اور بالخصوص حیدرآباد میں ٹریفک مسائل کی روشنی میں امتحانی مراکز کیلئے زونس کی تعداد کو چار سے بڑھاکر 8 کردیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اس مرتبہ طلباء کیلئے ایک ’یونیک بار کوڈ‘ رکھا گیا ہے اور درخواست فارم کے ساتھ اول تا انٹرمیڈیٹ کی مکمل تفصیلات کی پیشکشی کو لازمی قرار دیا گیا۔ آدھار کارڈ پیش کرنا ہوگا۔ امتحانی مراکز میں طلبا کو ایک گھنٹہ قبل موجود رہنے کی ہدایت دی جارہی ہے ۔تاخیر سے پہونچنے والے امیدواروں کو داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔