ایمسیٹ 2 میڈیکل 9 جون کو مقرر

7 جون کو ادخال درخواست کی آخری تاریخ، دکن ریڈیو پر راست نشریہ
حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) دکن ریڈیو 107.8 کے راست نشریہ پروگرام میں ایمسیٹ II اور نیٹ پر سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ایم اے حمید نے بتایا کہ سال حال انٹرمیڈیٹ بی پی سی گروپ کے طلبہ میں میڈیکل کورسیز میں داخلے کے لئے بڑی تشویش دیکھی گئی۔ امتحان کی تیاری کے بعد لمحہ آخر میں جو تبدیلیاں رونما ہوئیں اس سے تیاریوں میں کافی رکاوٹیں آئیں۔ اب صورتحال واضح ہوچکی ہے۔ اس لئے نیٹ ایک سال کے لئے ملتوی ہوگیا۔ تلنگانہ ریاست میں دوسرا ایمسیٹ (میڈیکل) 9 جولائی کو ہونے والا ہے اور فارمس آن لائن داخل کرنے کی آخری تاریخ 7 جون ہے۔ ان سوالات کے حوالہ سے طلبہ اور سرپرستوں کے شکوک دور کئے گئے۔ دکن ریڈیو کی آر جے ایس شیوانی پرکاش نے دن بھر ریکارڈ کئے گئے سوالات کو شامل پروگرام کرتے ہوئے دوران پروگرام راست پوچھے گئے سوالات اور ذریعہ ای میل آئے سوالات کے جوابات حاصل کرتے ہوئے سامعین کو مطمئن کیا۔ اس پروگرام میں امتحان کے متعلق جو شکوک و شبہات تھے اور جو اُتار چڑھاؤ آیا اسی نوعیت کے سوالات زیادہ پوچھے گئے۔ ایس منجو نے اسٹوڈیو میں معاونت کی۔ محمد منیر پروگرام کوآرڈینیٹر تھے۔ زاہد فاروقی ریڈیو اسٹیشن منیجر اور فہیم انصاری نے پروگرام کو مرتب کیا۔ آخر میں شیوانی نے شکریہ ادا کیا اور ایم اے حمید نے کیرئیر گائیڈنس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی خواہش کی۔