ایمسیٹ کے نتائج 18 مئی کو جاری کئے جائیں گے

جاریہ ماہ کے اواخر میں انجینئرنگ کونسلنگ کے انعقاد پر غور
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ایمسیٹ کے نتائج 18 مئی کو جاری کرنے کے قوی امکانات ہیں ۔ 10 مئی تک اعتراضات قبول کئے جائیں گے ۔ جاریہ ماہ کے اواخر میں انجینئرنگ کونسلنگ کا انعقاد کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ 2 اور 3 مئی کو اگریکلچر کورسیس سے متعلق ایمسیٹ اور 4 ، 5 اور 7 مئی تک جے این ٹی یو ایچ کی جانب سے انجینئرنگ ایمسیٹ کا انعقاد کیا گیا ۔ ایمسیٹ کنوینر پروفیسر یادیا نے بتایا کہ منگل کو ہی ’ کی ‘ جاری کردی جائے گی ۔ طلبہ اپنے رسپانس شیٹس ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں ۔ 10 مئی کی شام 6 بجے اعتراضات کو قبول کیا جائے گا ۔ ایمسیٹ رینکس 18 مئی کو جاری کئے جانے کا قوی امکان ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک مختلف کالجوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا گیا اور ساتھ ہی نقائص کی بھی نشاندہی کرنے کے بعد نشستوں کی منظوری دینے کے تعلق سے جے این ٹی یو ایچ نے سارے عمل کو مکمل کردیا ہے ۔ نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی کالجس میں داخلے اور دستیاب نشستوں سے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو واقف کرادیا جائے گا اور مئی کی اواخر میں داخلوں کے لیے کونسلنگ کا انعقاد کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ میں ایمسیٹ امتحان تحریر کرنے کے لیے 1,26,547 طلبہ نے درخواستیں داخل کی تھی جس میں 1,19,270 طلبہ جن کا تناسب 94.25 فیصد ہے ۔ امتحانات میں شرکت کی ۔ اگریکلچر کورسیس کے لیے 63,653 طلبہ نے درخواستیں داخل کی جب کہ 58,744 طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی پڑوسی ریاست آندھرا پردیش سے انجینئرنگ کے لیے 21365 درخواستیں وصول ہوئی ۔ جس میں 17041 طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی ۔ اگریکلچر کے لیے 9425 درخواستیں وصول ہوئی اور 8113 طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی ۔۔