ایمسیٹ کے متعلق دکن ریڈیو پر لگاتار سوالات کی بوچھار

مقامی ، غیر مقامی اور بین الاقوامی کالس ، ایم اے حمید کے جوابات اور معلومات
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ایمسیٹ کے رینک کے بعد طلبہ اور سرپرستوں کی بے چینی کا احساس آج دکن ریڈیو کے لائیو پروگرام میں ہوا جہاں پروگرام کے آغاز کے ساتھ کالس کا لگاتار سلسلہ پروگرام کے اختتام تک جاری رہا ۔ دن بھر حیدرآباد کے مختلف مقامات کے علاوہ اضلاع اور بیرون ممالک سعودی عربیہ کویت سے سوالات ریکارڈ کروائے گئے اور دوران پروگرام پوچھے گئے ، جن کو شامل پروگرام کرتے ہوئے ماہر کونسلنگ ایم اے حمید نے نہ صرف اطمینان بخش جواب دیا بلکہ معلومات فراہم کی ۔ میڈیکل اور انجینئرنگ اسٹریم کے لیے طلبہ اور سرپرستوں میں بے چینی دیکھی گئی کہ ہمارا یہ رینک ہے ۔ اس پر کس میں داخلہ ملے گا کونسا کورس بہتر رہے گا ۔ کونسلنگ کا طریقہ کار کیا ہے ۔ اور کن اسنادات کی ضرورت ہوتی ہے جس کی معلومات اس پروگرام میں دی گئی ۔ پروگرام کوآرڈینٹر زاہد فاروقی نے نہایت عمدگی کے ساتھ تمام سوالات کو شامل کیا بلکہ ایمسیٹ کا خصوصی پروگرام ’ لائیو پروگرام ‘ میں تبدیل ہوگیا ۔ فون پر راست پوچھے جانے والے ہر سوال کا جواب دیا گیا ۔ اب نئی ریاست تلنگانہ بننے کے بعد جو اسٹیٹ رینک دیا گیا کیا وہ صرف تلنگانہ کا اسٹیٹ رینک ہے ۔ یا لوکل رینک تلنگانہ کا ہے ۔ یہ تشویش طلبہ اور سرپرستوں میں پائی جارہی ہے ۔ ایم اے حمید نے سامعین کو بتایا کہ کونسلنگ کی اطلاع کسی کو نہیں دی جاتی بلکہ اخبارات میں شائع ہونے والے شیڈول کے مطابق رینک ، مقام اور تاریخ کو دیکھ کر تمام اسنادات کے ساتھ رجوع ہو ۔ ایمسیٹ کے ذریعہ 32 مختلف پروفیشنل کورسیس میں داخلے ہوتے ہیں اور کونسلنگ بھی کئی کورسیس کی الگ الگ ہوتی ہے اور میناریٹی کالجس کی SW-II کونسلنگ بھی الگ ہوتی ہے ۔ پروگرام کے انعقاد میں مسرس فہیم انصاری ، محمد منیر اور صنعا نے معاونت کی ۔ آخر میں زاہد فاروقی نے شکریہ ادا کیا ۔ ایمسیٹ کے بے شمار سوالات کو دیکھتے ہوئے آئندہ کونسلنگ کے شیڈول کے پروگرام رکھنا طئے پایا ۔۔