ایمسیٹ کونسلنگ پر وزیر تعلیم کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات

مختلف امور پر بات چیت ، علحدہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی تشکیل کی تیاریاں
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر تعلیم تلنگانہ جگدیش ریڈی نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور ایمسیٹ کونسلنگ کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے تلنگانہ اور آندھراپردیش حکومتوں کو ہدایت دی کہ 31 اگست تک کونسلنگ کا عمل مکمل کرلیں۔ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے کونسلنگ کی تواریخ کے اعلان کے بعد تلنگانہ حکومت نے اسے قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوا جہاں عدالت نے جاریہ ماہ کے ختم تک کونسلنگ کی تکمیل کی ہدایت دی ۔ عدالت نے دونوں حکومتوں سے کہا کہ وہ طلباء کے تعلیمی مستقبل کو سیاسی رنگ نہ دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر تلنگانہ حکومت کے موقف کو طئے کرنے کیلئے چیف منسٹر محکمہ تعلیم اور قانون کے ماہرین سے مشاورت کریں گے۔ تلنگانہ حکومت اپنے لئے علحدہ کونسلنگ کے انعقاد کا منصوبہ رکھتی ہے اور اس کے تلنگانہ کیلئے علحدہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی تشکیل کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ اسی دوران ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ حکومت طلباء کے ساتھ مکمل انصاف کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی مکمل نقل وصول ہونے کے بعد تلنگانہ حکومت کوئی موقف اختیار کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلباء کو انصاف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے فیس باز ادائیگی اسکیم کے بارے میں تلنگانہ حکومت کے موقف کی تائید کی اور کہا کہ حکومت آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے طلباء کو تعلیمی فیس ادا نہیں کرے گی۔ انہوں نے چیف منسٹر آندھراپردیش پر الزام عائد کیا کہ وہ اس مسئلہ پر غیر ضروری تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔