ایمسیٹ کونسلنگ پر حکومت تلنگانہ سے بات چیت کی پیشکش

انجینئرنگ اور میڈیسن میں مشترکہ داخلہ پالیسی: گنٹا سرینواس
حیدرآباد۔ 8؍جولائی (سیاست نیوز)۔ وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھرا پردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے پیش نظر ’’کامن اڈمیشن پالیسی‘‘ (مشترکہ داخلہ پالیسی پر عمل آوری ہونے کے تناظر میں ایمسیٹ کونسلنگ و فیس ری ایمبرسمنٹ کے مسئلہ پر تلنگانہ حکومت سے بات چیت کی جائے گی جب کہ اب تک ہی وزیر تعلیم تلنگانہ حکومت مسٹر جگدیش ریڈی سے بات چیت کی گئی ہے اور ضرورت پڑنے پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بھی بات چیت کی جائے گی۔ مسٹر سرینواس راؤ کے قریبی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ایمسیٹ داخلوں کے لئے اعلامیہ مشترکہ طور پر ہونے کے پیش نظر مختلف اُمور پر دونوں ریاستوں کی حکومتیں متفقہ طور پر فیصلہ کرنا چاہئے۔ فیس ری ایمبرسمنٹ کے مسئلہ پر ابھی تک تجسس پایا جاتا ہے اور مقامی ہونے کے مسئلہ پر بھی تلنگانہ حکومت دستوری بحران پیدا کرنے کے لئے کوشاں دکھائی دے رہی ہے، لیکن یہ کوئی مناسب بات نہیں ہے۔ وزیر موصوف نے مزید کہا ہے کہ مقامی و غیر مقامی کے تعلق سے صدارتی احکامات ملکی قواعد و شرائط مرکزی حکومت کے احکامات ہیں۔ لہٰذا اس دائرۂ اختیار میں رہ کر ہی ہمیں کوئی اقدام کرنا چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مذکورہ تمام حالات و صورتِ حال کے پیش نظر ہی حکومت آندھرا پردیش حکومت تلنگانہ کے ساتھ آپسی بات چیت کے ذریعہ اس مسئلہ کو بھی جلد سے جلد حل کرلینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔