ایمسیٹ کونسلنگ مسئلہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم

حکومت آندھرا پردیش عدالت کی ہدایت پر عمل کرے گی ، وزیر تعلیم جی سرینواس راؤ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے ریاستی وزیر تعلیم مسٹر جی سرینواس راؤ نے کونسلنگ کے مسئلہ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی جلیل القدر عدلیہ نے آندھرا پردیش حکومت کے فیصلے کو درست قرار دیا ہے ۔ مسٹر جی سرینواس نے کہا کہ تقسیم ریاست کے بل میں آئندہ دس سال تک تعلیمی اداروں میں داخلوں کو جوں کا توں برقرار رکھنے سے اتفاق کیا گیا ہے ۔ مگر تلنگانہ حکومت طلبہ کے مفادات کا خیال کرنے کی بجائے اس کو سیاسی مسئلہ بنانے کی کوشش کی ہے ۔ تاہم سپریم کورٹ نے آندھرا پردیش حکومت کے فیصلے کو درست قرار دیا ہے ۔ ریاست کی تقسیم سے طلبہ کا کوئی تعلق نہ ہونے کے احکامات جاری کرتے ہوئے 31 اگست تک داخلوں کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ آندھرا پردیش حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل آوری کرے گی ۔ مسٹر جی سرینواس نے تلنگانہ حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرے ۔ ریاست کی تقسیم اور جذباتی مسائل سے طلبہ کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی طلبہ کو ان معاملات میں گھسیٹتے ہوئے ان کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے کی ضرورت ہے ۔ قانون اور دستور کی روشنی میں مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ آندھرا پردیش نے جو بھی کیا وہ طلبہ کے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے بھی حکومت کے فیصلے کو درست قرار دیا ہے ۔ لہذا سپریم کورٹ نے جو ہدایت دی ہے اس پر حکومت مکمل عمل آوری کرے گی ۔۔