طلبہ کے مفادات حکومت کے پیش نظر ، سرپرستوں سے بھی رائے لی جائے گی
حیدرآباد۔2 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے واضح کیا کہ ایمسٹ کے بارے میں حکومت نے ابھی تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں لیا ہے اور طلباء کے مفادات کو نقصان پہنچائے بغیر اس سلسلہ میں کوئی بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ اقامتی اسکولس سوسائٹی کی ’’اسکول لیڈرس میٹ 2016‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے ایمسٹ کے انعقاد کے بارے میں طلباء میں پائی جانے والی تشویش اور مختلف گوشوں سے پھیلائی جارہی اطلاعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ حکومت نے ایمسٹ کے انعقاد یا عدم انعقاد کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے کسی بھی فیصلے سے قبل طلبہ کے مفادات کو پیش نظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے طلباء اور ان کے سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ تشویش میں مبتلا نہ ہوں اور طلباء کی تعلیم متاثر ہونے نہ دیں۔ سری ہری نے کہا کہ اس سلسلہ میں مختلف ماہرین سے مشاورت کی جارہی ہے اور قطعی فیصلے سے قبل طلباء اور سرپرستوں کی بھی رائے لی جائیگی۔ واضح رہے کہ میڈیکل اور انجینئرنگ میں ایمسٹ کے بغیر داخلوں کو یقینی بنانے کے لئے حکومت نے تجویز پیش کی ہے اور اس سلسلہ میں ماہرین تعلیم اور یونیورسٹیز سے رائے حاصل کی جارہی ہے۔