عام آدمی پارٹی ، لوک آیوکت سے رجوع
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : عام آدمی پارٹی کی جانب سے لوک آیوکت سے رجوع ہوتے ہوئے ایمسیٹ پرچہ II کے افشاء کے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنے اور اس کی تیز تر تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ۔ عاپ ، تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ کنوینر ، پروفیسر پی ایل ویشویشور راؤ نے کہا کہ میڈیکل اور ڈینٹل سے متعلق ایمسیٹ کونسلنگ کو ملتوی کرنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے اس افشاء کے لیے ذمہ دار تمام عہدیداروں کی تحقیقات اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ لوک آیوکت کے پاس داخل کی گئی ایک درخواست میں انہوں نے اس واقعہ میں سی آئی ڈی تحقیقات کی تفصیلات طلب کیے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمسیٹ میڈیکل امتحان ایک بہت اہم امتحان ہوتا ہے جسے ریاستی حکومت کی جانب سے منعقد کیا جاتا ہے ۔ جس میں ہزاروں طلبہ ایم بی بی ایس اور ڈینٹل کورسیس میں داخلہ حاصل کرنے کے لیے شرکت کرتے ہیں ۔ اس کی اہمیت کے پیش نظر عام آدمی پارٹی نے اس معاملہ کی تیز تر تحقیقات اور اس سلسلہ میں فوری ضروری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔۔