ایمسیٹ میں 2.32 لاکھ طلبہ کی شرکت ، 28 مئی کو نتائج

ایک منٹ کی تاخیر سے پہونچنے والے طلبہ کو روک دیا گیا
حیدرآباد۔ 14 مئی (آئی این این) تلنگانہ میں پہلی مرتبہ منعقدہ ایمسیٹ امتحان 2014ء میں تقریباً91 فیصد 2.32 لاکھ طلباء نے شرکت کی۔ ریاست بھر میں 423 سنٹرس قائم کئے گئے تھے۔ حکومت تلنگانہ نے ایمسیٹ کیلئے وسیع تر انتظامات کئے تھے۔ انجینئرنگ شعبہ کیلئے 139.682 امیدواروں نے اپنے نام درج کروائے تھے جبکہ صبح 10 بجے تا ایک بجے دن، 251 سنٹرس پر منعقدہ انجینئرنگ ایمسیٹ میں 128,174 طلبہ یا 91.76 نے حصہ لیا۔ اس طرح اگریکلچر اور میڈیکل شعبہ میں 92,362 امیدواروں کے منجملہ 84,678 امیدواروں نے حصہ لیا یا 91.68 فیصد طلبہ شریک تھے۔ میڈیکل ایمسیٹ کے لئے دوپہر 2:30 بجے تا شام 5:30 وقت مقرر تھا ، اس کے لئے 172 سنٹرس قائم کئے گئے تھے۔ حیدرآباد کے 8 زونس میں 111 سنٹرس برائے انجینئرنگ اور 78 سنٹرس برائے میڈیسن ؍ اگریکلچر قائم کئے گئے تھے۔ جواہر لال نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد کی جانب سے اس ٹسٹ کو کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ ابتدائی ’’کی‘‘ کا 16 مئی کو اعلان کیا جائے گا اور ’’کی‘‘ کے تعلق سے اعتراضات کی وصولی آخری تاریخ 23 مئی ہوگی جبکہ 28 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ امتحانی مراکز پر ایسے طلبہ کو امتحان ہال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جو ایک منٹ تاخیر سے پہونچے تھے۔ امیدواروں کے انگوٹھوں کے نشان حاصل کرکے آن لائن درخواست فارمس میں داخل کردہ معلومات کی جانچ کی گئی تاکہ حقیقی امیدواروں کی تصدیق کی جاسکے۔