ایمسیٹ میں حصول رینک کیلئے تمثیلی امتحانات کارآمد ثابت

سیاست گرانڈ ٹسٹ میں سینکڑوں امیدواروں کی شرکت
حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست میں انجینئرنگ ؍ میڈیکل کا انٹرنس ایمسیٹ 14 مئی کو مقرر ہے۔ اس کے ہال ٹکٹ بھی ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کئے جارہے ہیں۔ ایمسیٹ ایک مسابقتی امتحان ہے۔ اس کے ذریعہ ایم بی بی ایس اور انجینئرنگ جیسے اہم پروفیشنل کورسیس میں داخلے ہوتے ہیں۔ اچھے نشانات پاکر اچھا رینک حاصل کیا جاسکتا ہے اور اچھے رینک کیلئے تمثیلی امتحانات نہایت معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اس ضمن میں ادارہ سیاست کے زیراہتمام ایمسیٹ گرانڈ ٹسٹ کا سیاست گولڈن جوبلی ہال اور محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست، عابڈز پر بیک وقت انعقاد عمل میں آیا جس میں سینکڑوں طلباء و طالبات نے حیدرآباد ؍ سکندرآباد کے علاوہ اضلاع سے شرکت کی۔ انجینئرنگ ؍ میڈیکل کے علیحدہ علیحدہ پرچے دیئے گئے اور جوابی شیٹ او ایم آر کی شق کا طریقہ بتلایا گیا۔ اس موقع پر اے پی ایمسیٹ 2015منعقدہ 8 مئی کا سوال پرچہ بھی دیا گیا جس سے طلبہ کو کافی مدد ملے گی۔ ایم اے حمید کیریئر کونسلر نے طلبہ اور سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ امتحان پرچہ حاصل کرنے سے زیادہ خود کا محاسبہ کرنے کیلئے پوری سنجیدگی اور یکسوئی کے ساتھ امتحان لکھ کر اندازہ کرنا کہ کتنے نشانات حاصل کئے اور کتنے حاصل کرنا چاہئے تاکہ داخلے مل سکیں۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد صورتحال بدل چکی ہے۔ اس لئے اقلیتی امیدواروں کیلئے امکانات مزید روشن ہوچکے ہیں۔ امتحانی پرچے حاصل کرنے اور وقت پر آنے کیلئے طلباء و طالبات کے ساتھ سرپرستوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے انعقاد میں مسٹر طیب بیگ، محمد جاوید، طاہر قادری، ممتاز احمد، عدنان، شعیب نثار نے معاونت کی۔ جناب محمد ناظم علی پرنسپل گورنمنٹ جونیر کالج موڑتاڑ نے مشاہدہ کرتے ہوئے طلبہ کی رہنمائی کی۔