ایمسیٹ انجینئرنگ کونسلنگ کیلئے اسناد کی تصدیق

حیدرآباد ۔ 20 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ایمسیٹ 2015ء کے انٹرمیڈیٹ ایم پی سی اسٹریم کے امیدواروں کیلئے انجینئرنگ اور فارمیسی کورسز (بی ای؍ بی ٹیک ؍ بی فارمیسی) میں داخلے کیلئے کونسلنگ کے اعلان کے بعد 18 جون سے اسنادات کی تصدیق شروع ہوچکی ہے۔ ہر دن 15 ہزار رینک تک طلب کیا گیا ہے۔ 21 جون کو 45 ہزار تا 60 ہزار تک اسنادات کی تصدیق ہوگی۔ یہ عمل 23 جون تک رہے گا۔ حیدرآباد میں پانچ ہیلپ لائن مراکز اور اضلاع میں 15 مراکز جملہ 20 ہیلپ لائن سنٹرس پر یہ عمل جاری ہے۔ کالجس اور کورسز کیلئے ترجیحی بنیاد پر انتخاب کیلئے 28 جون تا 6 جون تاریخ دی جائے گی۔ امیدوار کو اسنادات کی تنقیح کے بعد ویب آپشن کیلئے تاریخ نہیں دی گئی۔ بعض کالجس کی شمولیت کا امکان ہے۔ ویب کونسلنگ میں جو کالجس ہوں گے ان کے کالج کوڈ، کورس کوڈ اور ڈسٹرکٹ کوڈ سے واقف ہوکر امیدوار اپنے رینک سے کس کالج میں اور کس کورس میں داخلے لینا چاہتے ہیں اور کس کورس ؍ کالج میں مل سکتا ہے، اس کی تیاری کریں۔ دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر کالج کوڈ، کورس کوڈ اور کونسلنگ کے طریقہ کار اور کالجس کے پتے دستیاب ہیں۔ امیدوار ویب کونسلنگ میں شرکت کیلئے اس سے رہنمائی اور مدد حاصل کرسکتے ہیں۔