ایمسیٹ ادخال فارم کی تاریخ میں 30 مارچ تک توسیع

حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( این ایس ایس) : ریاستی حکومت نے ایمسیٹ 2016 کے لیے آن لائن ادخال درخواست کی آخری تاریخ میں 30 مارچ تک توسیع دی ہے ۔ اس ضمن میں ٹی ایس سی ایچ ای نے فیصلہ کیا ہے ۔ سابقہ اعلامیہ کے مطابق ایمسیٹ کے لیے آن لائن ادخال کی آخری تاریخ 28 مارچ مقرر کی گئی تھی تاہم امیدواروں کو فارم ڈاؤن لوڈ کے لیے مزید دو دنوں کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ ٹی ایس سی ایچ ای کے عہدیدار کے بموجب 3 تا 13 اپریل کے درمیان فارم داخل کردہ امیدواروں کو ناموں اور غلطیوں کی درستگی کا موقع دستیاب رہے گا جب کہ 4 تا 30 اپریل تک درخواست ڈاون لوڈ کیے جاسکتے ہیں ۔ نظام الاوقات کے مطابق ایمسیٹ 2016 ، 2 مئی کو صبح 10 تا ایک بجے دن انجینئرنگ اسٹریم کا امتحان منعقد ہوگا جب کہ 2 بجے دن تا 5-30 بجے شام کے درمیان میڈیسن اور اگریکلچر اسٹریم کے لیے ٹسٹ منعقد ہوگا ۔ 12 مئی کو سرکاری سطح پر ایمسیٹ کے نتائج کی اجرائی عمل میں آئے گی ۔ 3 مئی کو ’ کی ‘ اور 9 مئی کو اعتراضات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائیگا ۔۔