ایمسٹ 2014 کے نتائج کا اعلان

حیدرآباد 9 جون (سیاست نیوز ) ریاستی سطح پر انجینئرنگ،اگریکلچر و میڈیسن کورسیس میں داخلوں کے حصول کیلئے منعقدہ ایمسٹ 2014 کے نتائج (رینکس) کا اعلان کیا گیا ۔ وزیر تعلیم ریاست تلنگانہ مسٹر جگدیشور ریڈی نے مختلف اعلی عہدیداروں کی موجودگی میں ایمسٹ 2014 کے نتائج جاری کئے اور بتایا کہ انجینئرنگ کورسیس میںداخلوں کیلئے اہل امیدواروں کی کونسلنگ 29 جون اور اگریکچرل و میڈیسن میں داخلوں کیلئے اہل امیدواروں کی کونسلنگ 15 جون سے متوقع ہے ۔ ایمسیٹ 2014 کے نتائج جاری کرنے کے بعد اخباری نمائندوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے مسٹر جگدیشور ریڈی نے کہا کہ طلباء کیلئے فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کو روبہ عمل لانے کے مسئلہ پر کابینہ کے اجلاس میں غور و خوض اور تبادلہ خیال کیا جائے گا اس سوال پر کہ آیا ریاستی کونسل برائے اعلی تعلیم ریاست تلنگانہ کیلئے علحدہ قائم کی جائے گی؟ جواب دیتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ ہر محکمہ و ہر چیز علحدہ ہوجانے کے بعد اب صرف تعلیمی ترقی سے متعلق اداروں کو بھی تقسیم کرنا ہی بہت بہتر بات ہوگی کیونکہ اس مسئلہ سے طلباء و طالبات کا مستقبل بھی جڑا ہوا ہے جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے بہت جلد اس سلسلہ میں اعلی عہدیداروں کے ساتھ چیف منسٹر کا اہم اجلاس طلب کیا جائے گا اور اس اجلاس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد ہی کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا اور جو کوئی بھی فیصلہ کیا جائے گا وہ طلباء کے مفادات میں ہی کیا جائے گا ۔ انہوں نے ایمسٹ2014 کی مکمل تفصیلات سے واقف کروایا اور بتایاکہ ایمسٹ 2014 میں جملہ 3,37,216 امیدواروں نے شرکت کی جن کے منجملہ انجینئرنگ طلباء کی تعداد 2,66,820 لاکھ ہے اور ان انجینئرنگ ایمسٹ میں شریک طلباء کے منجملہ 2,15,336 لاکھ طلباء و طالبات اہل قرار دیئے گئے ۔ اس کے علاوہ ایمسیٹ اگریکچرل میڈیسن کیلئے ریاست بھر سے جملہ 10,6,396 طلباء و طالبات نے شرکت کی اور اس طرح 98,292 طالبات و طالبات اہل قرار دیئے گئے۔

انجینئرنگ میں شرکت کرنے والے مسلم طلبا و طالبات کی تعداد 1928 ہے جن کے منجملہ 9026طلباء و طالبات اہل قرار دیئے گئے جبکہ اگریکلچرل و میڈیسن میں شرکت کرنے والے مسلم طلباء و طالبات کی تعداد 11724 ہزار ہے جن کے منجملہ 9045 مسلم طلباء و طالبات اہل قرار دیئے گئے انہوں نے مزید بتایا کہ انجینئرنگ میں کامیاب جملہ امیدواروں کی کامیابی کا اوسط 70-77 فیصد ہا جبکہ اگریکچرل و میڈیسن میں کامیاب جملہ امیدواروں کی کامیابی کا اوسط 83.16 فیصد رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمسٹ 2014 کا گذشتہ ماہ 22مئی کو انعقاد عمل میں لایا گیا تھا ۔ اور مختصر مدت یعنی صرف اندرون 18 یوم میں نتائج کی اجرائی عمل میں لائی گئی ۔ ایمسیٹ 2014 کے اہل امیدوار طلبا و طالبات کے رینک کا رڈز 14 جون سے جاری کردیئے جائیں گے ۔ اس موقع پر مسرس وینو گوپال ریڈی صدر نشین ریاستی کونسل برائے اعلی تعلیم اجئے جین کمشنر فنی تعلیم پروفیسر رامیشور راو ،وائس چانسلر، جواہر لعل نہرو و ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی پروفیسر و رمنا راو کنوینر ایمسٹ 2014 و دیگر عہدیداران تعلیم بھی موجود تھے ۔