گاندھی فیملی کی آمریت ہنوز برقرار، سمبت پاترا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 26 جون (سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی ترجمان ڈاکٹر سمبت پاترا نے 1975 ء میں ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کو اُس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کی تاریخی غلطی قرار دیا اور کہاکہ اِس سے گاندھی فیملی کی آمرانہ روش ظاہر ہوتی ہے لیکن اِس سے زیادہ بدبختی کا پہلو یہ ہے کہ اُنھوں نے اِس غلطی سے سبق نہیں سیکھا ہے۔ یہاں بی جے پی اسٹیٹ آفس میں آج یوم مخالف ایمرجنسی کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سمبت پاترا نے کہاکہ آمرانہ رجحانات ہنوز گاندھی خاندان میں پائے جاتے ہیں حالانکہ اُس نے مرکز اور ملک کی اکثر ریاستوں میں اقتدار کھودیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گاندھی خاندان والوں کو اپنے آمرانہ ماضی میں کچھ تاسف نہیں کیوں کہ اُنھیں ڈکٹیٹرشپ کی وراثت کو برقرار رکھنے میں مزہ آتا ہے۔ حالانکہ اِسے نہ ہی اندرون کانگریس پسند کیا جاتا ہے اور نہ ہی ملک کے عوام ایسا چاہتے ہیں۔ ایمرجنسی کے دور کو یاد کرتے ہوئے سمبت پاترا نے کہاکہ تمام اہم سیاسی قائدین کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا تھااور اتنا ہی نہیں بلکہ اُس وقت کی حکومت نے ہندوستان کو عارضی جیل میں تبدیل کردیا تھا۔