کانگریس جمہوری اقدار کو پامال کرنے کی تاریخ رکھتی ہے : مختار عباس نقوی
لکھنؤ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ کانگریس، جمہوری اقدار اور دستوری اُصولوں کو پامال کرنے کی ایک تاریخ رکھتی ہے اور وہ اس کی آمرانہ ذہنیت کو نہیں چھوڑ پا رہی ہے۔ نقوی نے یہ ریمارکس آج یہاں ایمرجنسی کی 43 ویں برسی کے موقع پر ’’یوم سیاہ‘‘ منانے کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے کئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس، جمہوری اقدار اور دستوری اُصولوں کو پامال کرنے کی ایک ہسٹری شیٹر ہے۔ وہ ایمرجنسی کی غیرجمہوری ذہنیت میں ایقان رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد کی ہلاکت اور ان پر ظلم و زیادتی ایمرجنسی کی ایک ایسی سچائی ہے جس پر ہندوستان کے جمہوری اقدار کی روح کو دھکہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس یہی آمرانہ ذہنیت میں قابو پانے میں ناکام ہے۔ نقوی نے کہا کہ ایمرجنسی سے متعلق تفصیلات کو نصابی کتب میں شامل کرنے مرکزی حکومت کا فیصلہ ایک قابل خیرمقدم اقدام ہے کیونکہ عوام کو اس کے دوران کئے جانے والے ظلم و زیادتی کے بارے میں واقف کروانے کی ضرورت ہے۔ جب جمہوری اقدار اور دستوری اُصولوں کو پامال کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر لوگ بالخصوص نوجوان یہ نہیں جانتے ہیں کہ کانگریس کی جانب سے اقتدار کو بچانے کیلئے ایمرجنسی کو مسلط کیا گیا تھا۔