ایماندار اور جذبہ خدمت رکھنے والے مسلم قائدین ٹکٹ سے محروم

قیادت سے دور رکھنے کی گہری سازش ، عثمان الہاجری اور دیگر کا بیان

حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل : ( راست ) : جناب عثمان بن محمد الہاجری صدر دکن وقف پراپرٹیز پروٹیکشن سوسائٹی و جناب سید کریم الدین شکیل ایڈوکیٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں تمام نام نہاد سیکولر جماعتوں کی جانب سے مسلم قائدین کو ٹکٹ دینے کے طریقہ کار کو ایک سازش سے تعبیر کیا تقریبا تمام جماعتوں نے ایماندار اور عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے مسلم قائدین کو ٹکٹس نہیں دیا یہی نہیں بلکہ مقامی نام نہاد جماعت کے اشاروں پر عمل کرتے ہوئے ایماندار مسلم قائدین کو قیادت سے دور رکھنے کی ایک گہری سازش پر عمل پیرا ہیں ۔ ایسے میں انہوں نے کہا کہ یہی طاقتیں جب کبھی اضلاع سے مسلم نمائندہ کو ٹکٹ مل بھی جائے تو اس کو ہرانے کی حتی المقدور کوشش کرتے ہیں جیسے کہ ماضی میں محبوب نگر کے ٹی آر ایس کے امیدوار سید ابراہیم کے ساتھ کیا گیا اور بی جے پی کو کامیاب بنادیا گیا ۔ اور آج بھی حیدرآباد کے اطراف کے علاقوں میں اگر مسلم امیدوار اگر میدان میں ہیں تو بھی اس کو ہرانے کے لیے امیدوار کھڑا کر کے ووٹوں کو تقسیم کرنے کی ایک گہری سازش پر عمل کیا جارہا ہے ۔ عثمان الہاجری اور سید کریم الدین شکیل ایڈوکیٹ نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی جانب سے انتخابی سیاست سے دستبرداری کو ملت مسلمہ کے لیے ایک عظیم نقصان قرار دیا ۔ اور آپ کی بے باک اور بے لوث جدوجہد ملت مسلمہ کے لیے ظلمت کے اندھیرے میں ایک امید کی کرن قرار دیا ۔ تمام ذی شعور ، علمائے دین و ملت علمائے حق و دانشوران ملت میدان عمل میں آئیں اور ملت کو بچانے کی جدوجہد کریں بصورت دیگر سازشی گروہ ملت کی دولت و کردار اور سب کچھ تباہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ اور اپنی اشتعال تقاریروں کے ذریعہ ملت کی جان و مال کو تباہ و برباد کردیں گے ۔۔