نئی دہلی ۔ /24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کابینی کمیٹی برائے اقتصادی امور توقع ہے کہ اپنے آئندہ اجلاس میں سبسیڈی یافتہ گھریلو پکوان گیس ایل پی جی کے سالانہ کوٹہ کو 9 سے بڑھاکر 12 کردیا جائے گا ۔ وزیر پٹرولیم ایم ویرپا موئیلی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوٹہ میں اضافہ کی تجویز پر گزشتہ ہفتہ کابینی نوٹ جاری کردیا گیا ۔ کابینی کمیٹی برائے اقتصادی امور اپنے آئندہ اجلاس میں اس تجویز کو منظور ی دے گی ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے گھریلو پکوان گیس کے سالانہ سبسیڈی یافتہ کوٹہ کو بڑھانے کی خواہش کی تھی ۔
سالانہ 12 سلنڈرس تک کوٹہ میں اضافہ کی صورت میں ایندھن پر سبسیڈی کے بوجھ میں مزید 3,300 کروڑ روپئے تا 4000 کروڑ روپئے کا اضافہ ہوگا ۔ واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ سال گھریلو صارفین کے لئے پکوان گیس کے سالانہ کوٹہ کو 9 تک محدود کردیا تھا ۔ جس کی تکمیل کے بعد گھریلو صارفین کو 14.2 کیلو گرام کے ایل پی جی سلنڈر مارکٹ قیمت 1,258 روپئے میں خریدناپڑرہا تھا جبکہ دہلی میں سبسیڈی یافتہ سلنڈر کی قیمت 414 روپئے ہے ۔ ملک کے 15 کروڑ ایل پی جی صارفین میں 89.2 فیصد صارفین سالانہ 9 سلنڈرس استعمال کیا کرتے ہیں اور صرف 10 فیصد صارفین اپنی اضافی ضروریات کی تکمیل کیلئے مارکٹ قیمت پر گیس سیلنڈرس خریدا کرتے ہیں ۔