نئی دہلی۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں پکوان گیاس (ایل پی جی) کے تمام صارفین کل یکم جنوری سے اپنے بینک کھاتوں میں سبسڈی حاصل کرسکیں گے اور انہیں مارکٹ کی قیمتوں کے مطابق پکوان گیاس خریدنا ہوگا۔ ایل پی جی کے گھریلو استعمال کے صارفین راست فائدہ کی منتقلی اسکیم میں شمولیت کے ساتھ ہی اپنے بینک کھاتہ میں 568 روپئے بطور سبسڈی حاصل کریں گے۔ فائدہ کی راست منتقلی کی اس اسکیم کو اب نیا نام ’’پہل‘‘ دیا گیا ہے۔ صارفین اس رقم کو مارکٹ کی قیمت پر 14.2 کیلو ایندھن کی خریدی کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔ سبسڈی یافتہ 14.2 کیلو کے ایک ایل پی جی کی قیمت فی الحال 417 روپئے ہے جبکہ مارکٹ میں خالی سیلنڈر بھرنے کی قیمت 752 روپئے ہے۔ ماضی کی یو پی اے حکومت نے جون 2013ء میں یہ پرعزم منصوبہ لاگو کیا تھا
لیکن اس سال عدالتی احکام کے سبب اس اسکیم کو اچانک افراتفری میں روک دیا گیا تھا۔ بعدازاں احکام میں ترمیم کرتے ہوئے سبسڈی کے حصول کیلئے آدھار کارڈ کے لزوم کو برخاست کردیا گیا تھا۔ اس اسکیم میں شمولیت کے خواہاں صارفین اپنے ایل پی جی کنزیومر نمبر کو آدھار کارڈ یا بینک کھاتے سے مربوط کرسکتے ہیں۔ جن صارفین کے پاس آدھار نمبر موجود نہیں ہے وہ 17 ہندسوں پر مشتمل اپنے ایل پی جی آئی ڈی سے بینک کھاتوں کو راست طور پر مربوط کرسکتے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت صارفین کو 14.2 کیلو یا5 کیلوگیاس پر مشتمل 34 سیلنڈرس پر سبسڈی حاصل ہوگی۔ یہ اسکیم 676 اضلاع کے 15.3 کروڑ صارفین کا احاطہ کرے گی۔